رسائی کے لنکس

براہِ راست صدر بائیڈن کا یرغمالوں کی واپسی اور جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم

صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ سات اکتوبر ہمیں اس دن ہونے والی سفاکیت کی یاد دلاتا ہے بلکہ ان زندگیوں کی یاد دہانی بھی کراتا ہے جن کی خوب صورتی اس دن چھین لی گئی۔

19:25

اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں: لبنانی حکام

لبنان کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پیر کو بیروت میں ملک کے واحد ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں۔

اس سے قبل لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا تھا کہ اسرائیل نے صور ڈسٹرکٹ کے 30 قصبوں اور دیہات پر حملے کیے ہیں۔

یہ حملے جنوبی لبنان میں جاری کارروائیوں کے بعد کیے گئے ہیں۔

19:18

حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ صفی الدین کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کرسکتے: اسرائیل

اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

حکومتی ترجمان ڈیوڈ مینسر سے ایک آن لائن بریفنگ میں ہاشم صفی الدین کی ہلاکت سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا۔

ترجمان نے جواب دیا کہ ہم اس کی تصدیق نہیں کرسکتے اور جیسے ہی اسرائیل کی فوج کو اس بارے میں کوئی معلومات ملے گی تو فراہم کر دی جائیں گی۔

گزشتہ ہفتے حسن نصر اللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کی ایک حملے میں ہلاکت کی اطلاعات گردش میں ہیں۔

حزب اللہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہاشم صفی الدین سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے اور اسرائیل جنوبی بیروت کے اس علاقے تک رسائی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے جہاں بمباری کی گئی تھی اور خیال کیا جاتا ہے کہ ہاشم صفی الدین بھی وہاں ہوسکتے ہیں۔

17:41

صدر بائیڈن کا یرغمالوں کی واپسی اور جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم

امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس نے اسرائیل پر حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی مذمت کی ہے جب کہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کرانے کے اپنی حکومت کے عزم کو دہرایا ہے۔

صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ سات اکتوبر ہمیں اس دن ہونے والی سفاکیت کی یاد دلاتا ہے بلکہ ان زندگیوں کی یاد دہانی بھی کراتا ہے جن کی خوب صورتی اس دن چھین لی گئی۔

صدر نے کہا کہ ہم روزانہ 100 سے زائد یرغمالوں اور ان کے خاندانوں کے بارے میں سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم باقی یرغمالوں کی محفوظ واپسی تک ہار نہیں مانیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ تاریخ حماس کی جانب سے تنازع کے آغاز کی وجہ سے سات اکتوبر کو فلسطینیوں کے لیے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھے گی۔

نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو درپیش کربناک حالات ختم کرنے کے لیے جنگ بندی اور یرغمالوں کی واپسی کا معاہدہ وقت کی ضرورت ہے۔

کاملا ہیرس نے مزید کہا:’’میں ہمیشہ فلسطینی عوام کی توقیر، آزادی، سیکیورٹی اور خود ارادیت کے حقوق کی خاطر جدوجہد کرتی رہوں گی۔‘‘

16:59

اسرائیل نے کتنے یرغمالی رہا کرا لیے، کتنے اب بھی قید؟

حماس نے ایک برس قبل جب اسرائیل پر حملہ کیا تو اس کے جنگجو 251 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ غزہ لے گئے تھے۔ اس جنگ کو ایک سال گزرنے کے بعد اب بھی 63 افراد حماس کی قید میں ہیں۔

یرغمال بنائے گئے 251 میں سے 117 افراد رہا ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین، بچے اور غیر ملکی شامل ہیں۔

اسرائیل سمجھتا ہے کہ 63 یرغمالی اب بھی زندہ ہیں اور غزہ میں حماس کی قید میں ہیں۔ ان 63 میں سے 56 اسرائیلی شہری ہیں لیکن ان میں سے کچھ دوہری شہریت بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ چھ تھائی اور ایک نیپالی شہری بھی یرغمالوں میں شامل ہیں۔

ان 63 یرغمالوں میں 51 مرد، 10 خواتین اور دو بچے ہیں۔ ان افراد میں 11 فوجی بھی ہیں۔

اسرائیلی فوج اور یرغمالوں کے اہلِ خانہ کی تنظیم 71 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر چکے ہیں جن میں سے 34 کی لاشیں غزہ میں ہی موجود ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG