ایران کے تمام ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ
ایران نے اتوار کی شب سے ہفتے کی صبح تک تمام ایئرپورٹس کی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شب نو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک ایران کے تمام ایئرپورٹس کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ آپریشنل مسائل کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی جارہی ہیں تاہم انہوں ںے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔
ایران نے گزشتہ منگل کو اسرائیل پر میزائل حملہ کرنے سے پہلے بھی تمام پروازیں منسوخ کردی تھیں۔
صدر زرداری کی زیرِ صدارت غزہ پر آل پارٹیز کانفرنس، نواز شریف سمیت دیگر رہنما شریک
صدرِ پاکستان آصف زرداری کی زیرِ صدارت غزہ کی صورتِ حال پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی کانفرنس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعتِ اسلامی سمیت دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی رہنما اے پی سی میں شریک نہیں ہے۔