فرانس کے صدر کا اسرائیل کو اسلحے کی فروخت روکنے کا بیان شرمناک ہے: نیتن یاہو
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ فرانس کی جانب سے ہتھیاروں کی فروخت روکنےکا بیان شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ میں اسرائیل بربریت کے خلاف تہذیب کا دفاع کر رہا ہے۔
فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا تھا کہ اسرائیل کو اسلحے کی فروخت روک دینی چاہیے کیوں کہ وہ اس کا استعمال لبنان اور غزہ میں کرے گا۔
اس بیان پر اسرائیل کی جانب سے شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
ایران کے وزیرِ پیٹرولیم کا اہم آئل ٹرمینل کا دورہ
ایران کے وزیر پیٹرولیم محسن پاک نژاد نے ایک بڑے آئل ٹرمینل کا دورہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق پاک نژاد نے اتوار کو خارک جزیرے میں واقع تیل کی تنصیبات کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آئل ٹرمینل کے عملے سے بھی ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیرِ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب اسرائیل کی جانب سے ایران کے تیل کے ذخائر اور تنصیبات کو ہدف بنانے کی اطلاعات گردش میں ہیں۔
اسرائیل کے حملوں میں مزید 23 اموات ہوئی ہیں: لبنانی وزارتِ صحت
لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے تازہ حملوں میں مزید 23 افراد ہلاک اور 93 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے متعد دیہات کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی وزارت کا کہنا ہے کہ جاری کردہ تعداد میں ہفتے کی شب کے بعد اسرائیلی حملوں سے ہونے والا جانی نقصان شامل نہیں ہے۔