رسائی کے لنکس

مشرق وسطیٰ کے متعدد ملکوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی


قاہرہ میں لوگ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک پہن کر گھر سے باہر نکلتے ہیں۔
قاہرہ میں لوگ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے ماسک پہن کر گھر سے باہر نکلتے ہیں۔

قاہرہ سے وائس آف امریکہ کے نامہ نگار ایڈورڈ یارنیان نے اطلاع دی ہے کہ مصر، لبنان، تیونس اور ایران نے کاروباروں کو جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف الجزائر نے غیر محفوظ اجتماعات کو دیکھتے ہوئے بعض کاروباروں کو دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان میں سب سے زیادہ مصر اپنے سیاحت کے شعبے کی بندش سے متفکر تھا۔ سیاحت کے وزیر خالد ال عنانی نے اتوار کو عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کھولنے کا عمل بتدریج ہو گا۔ پہلے اندون ملک سیاحت کے لیے ہوٹلوں کو کھولا جائے گا۔ بعد میں بین الاقوامی سیاحت کے لیے بڑے ہوٹلوں کو کھول دیا جائے گا۔ ان تمام ہوٹلوں پر لازم ہو گا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔

لبنان میں بھی پیر کے روز سے ریستورانوں اور کیفے کھولنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ انہیں صرف 30 فی صد گاہکوں کو بٹھانے کی اجازت ہو گی، بیچیز اور ساحل سمندر کی تفریح گاہوں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

اتوار کو ایران کے صدر حسن روحانی نے اشارہ دیا کہ ان کا ملک بھی کاروبار زندگی کو بتدریج کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں کہا اس ہفتے بعض علاقوں میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔

صدر روحانی نے کہا کہ اس کے علاوہ آہستہ آہستہ کچھ اور شعبے کھلیں گے، تاہم یہ خیال رکھا جائے گا کہ یہ وبا ہمارے ملک میں موجود ہے اور اس لیے مناسب احتیاط جاری رہے گی۔

تیونس میں سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعمیری کاموں کو کھولا جا رہا ہے۔ تاہم الجزائر کی حکومت نے غیر محفوظ اجتمعات کو دیکھتے ہوئے کھولے گئے کئی کاروبار دوبارہ بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG