|
ویب ڈیسک — امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھارت میں اپنی آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) اور کلاؤڈ سروسز بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔
بھارت کے شہر بنگلورو میں منگل کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا نے کہا کہ مائیکروسافٹ اس مقصد کے لیے بھارت میں تین ارب ڈالر خرچ کرے گا۔
ستیا نڈیلا نے کہا کہ مائیکروسافٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ 2030 تک بھارت میں ایک کروڑ لوگوں کو اے آئی کی تربیت دے گا۔ کمپنی نے گزشتہ سال 24 لاکھ افراد کو اس کی تربیت دی تھی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مائیکروسافٹ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی سرمایہ کاری دو سال پر محیط ہو گی جس میں بھارتی شہریوں کو اے آئی میں مزید مہارت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
ان کے بقول یہ رقم مالی سال 2025 میں 'اے آئی ڈیٹا سینٹرز' کے لیے اعلان کردہ 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منصوبے میں سرِ فہرست ہے۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے ایک اہم مارکیٹ بنتا جا رہا ہے۔ حال ہی میں امریکی ٹیک کمپنیوں Nvidia اور AMD کے سی ای اوز نے دورہ کیا ہے جہاں بڑی سرمایہ کاری کے وعدے کیے ہیں۔
بھارت مائیکرو سافٹ کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں کمپنی دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔
ستیا نڈیلا کے مطابق مائیکروسافٹ کے بھارت کے 10 شہروں میں 20 ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں۔ اور اس کا مقصد مقامی ٹیک کمیونٹی کی ترقی اور اس کی صلاحیتوں کو استعمال کرنا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے مائیکرو سافٹ خاص طور پر اس کے اے آئی منصوبوں کے لیے کمیونٹی کی شراکت کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے ڈویلپرز کے لیے جنریٹو اے آئی پر مبنی ٹول گٹ ہب کو پائلٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گٹ ہب پر امریکہ کے بعد بھارت دوسری سب سے بڑی ڈویلپر کمیونٹی ہے اور امکان ہے کہ 2028 تک یہ سب سے بڑی کمیونٹی ہو گی۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔
فورم