شام میں آنے والی تبدیلیاں غیر معمولی اور خطرناک ہیں: حزب اللہ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے شام کی صورتِ حال کو ’’بڑی، خطرناک اور نئی تبدیلی‘‘ قرار دیا ہے۔
حزب اللہ کے رہنما اور لبنانی رکنِ پارلیمنٹ حسن فضل اللہ نے کہا ہے کہ شام میں جو کچھ ہوا اس پر کئی سوال ہیں جن کا جواب گہرے تجزیے کے بعد ہی ممکن ہے۔
شام میں بشار الاسد حکومت ختم ہونے کے بعد یہ حزب اللہ کے کسی رہنما کی جانب سے آنے والا پہلا رد عمل ہے۔
وزیرِ اعظم کی صدارت میں شام سے پاکستانیوں کے انخلا کے متعلق اجلاس
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت شام کی موجودہ صورت حال میں وہاں سے پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلومات کے حصول کے لیے ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ شام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کے ہمسایہ ممالک کے ذریعے جلد از جلد انخلاء کی حکمتِ عملی بنائی جائے۔
روس نے بشار الاسد کو سیاسی پناہ دینے کی تصدیق کردی
روس نے شام کے معزول صدر بشار الاسد کو سیاسی پناہ دینے کی تصدیق کردی ہے۔
روس کے حکومتی مرکز کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوو نے صحافیوں کو بتایا ہےکہ صدر ولادیمیر پوٹن نے ذاتی طور پر بشار الاسد کو پناہ دینے کی پیش کش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے سربراہِ مملکت ہی کرسکتے ہیں اس لیے پناہ دینے کا فیصلہ صدر پوٹن کا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ صدر پوٹن نے روس پہنچنے کے بعد بشار الاسد سے ملاقات نہیں کی ہے۔
کریملن نے روس میں معزول شامی صدر کے قیام وغیرہ کی تفصیلات سے متعلق پوچھے گئے سوالو ں پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔
دمتری پیسکوو نے کہا کہ ماسکو شام میں اپنے اڈوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور نئی آنے والے انتظام سے بات چیت کے بعد ہی ان اڈوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
شام میں کیمیائی ہتھیار اور میزائلوں کے مشتبہ ذخائر کو نشانہ بنایا ہے: اسرائیل
اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں ایسے مقامات کو نشانہ بنایا ہے جہاں کیمیائی ہتھیار اور دور تک مار کرنے والے موجود ہونے کا شبہ تھا۔
وزیرِ خارجہ جدعون ساعر نے کہا کہ یہ حملے ان ہتھیاروں کے اسرائیل دشمن فورسز کے پاس جانے سے روکنے کے لیے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی صورتِ حال میں سب سے پہلی ترجیح اسرائیل اور اپنے عوام کی سیکیورٹی ہے۔