حکومت مخالف جنگجو گروپ کے سربراہ کا دمشق کی تاریخی اموی مسجد کا دورہ
شام میں بشار حکومت کے خلاف لڑنے والے اسلامسٹ جنگجو گروپ ہیئت تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے سربراہ نے دمشق کی تاریخی اموی مسجد کا دورہ کیا ہے۔
ایچ ٹی ایس کے رہنما ابو محمد الجولانی نے اموی مسجد میں موجود لوگوں سے خطاب بھی کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فورم ٹیلی گرام پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہےکہ جولانی کے مسجد پہنچنے پر وہاں موجود مجمع ان کا خیر مقدم کر رہا ہے۔
صدر بائیڈن شام کی صورتِ حال پر اپنی سیکیورٹی ٹیم سے ملاقات کریں گے: وائٹ ہاوٌس
امریکہ کے صدر جو بائیڈن مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح اپنی سیکیورٹی ٹیم سے ملاقات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں صدر کو شام کی تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ کیا جائے گا۔
اتوار کو شام میں باغیوں کی جانب سے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کا اعلان ہونے کے بعد یہ بائیڈن کی اپنی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ پہلی ملاقات ہوگی۔
شام کے مستقبل کے فیصلوں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے: ایران
ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے فیصلوں کے ذمے دار اس کے عوام ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران شام کے اتحاد، قومی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ شام کے مسقبل کی فیصلہ سازی اس کے عوام کی ذمے داری ہے جس میں بیرونی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران شام کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا اور خطے سمیت اس معاملے میں اثر و رسوخر رکھنے والے ہر فریق سے مشاورت کرے گا۔
ترکیہ کی حمایت یافتہ فورسز سے لڑائی جاری ہے: کرد فورسز
امریکہ کی حمایت یافتہ کرد فورسز کا کہنا ہے کہ منبج شہر میں ان کی ترک نواز باغیوں سے لڑائی جاری ہے۔
ترکیہ کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میں ترکیہ کے حمایت یافتہ فورسز شام کے شمالی شہر منبج میں داخل ہوگئی ہیں اور انہوں نے امریکہ کی اتحادی ترک فورسز کے ارد گرد کئی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔