حزب اللہ سات اکتوبر جیسے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی تھی: اسرائیلی فوج کا دعویٰ
اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف گزشتہ برس سات اکتوبر جیسے حملے کی تیاری کر رہی تھی۔
ترجمان ڈینئل ہگاری نے میڈیا کو اسرائیل کی لبنان میں فوجی جاری کارروائیوں کی فوٹیجز بھی جاری کی ہے۔
ہگاری کا کہنا تھا کہ آپریشنز کے دوران برآمد ہونے والے ہتھیاروں، نقشوں سے سے معلوم ہوا ہے کہ حزب اللہ ’جلیلی کی فتح‘ کے نام سے سات اکتوبر جیسے ایک حملے کی تیاری کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں میں حزب اللہ کے 700 مقامات کو تباہ کیا گیا ہے جن میں پہاڑوں میں بنائی گئی سرنگیں بھی شامل تھیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا، ’’ہم بیروت نہیں جائیں گے اور نہ ہی جنوبی لبنان کے شہروں میں جائیں گے۔ ہم اپنی سرحد کے قریب دیہات پر فوکس کر رہے ہیں۔‘‘
اسرائیل میں امریکی شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری
یروشلم میں امریکی سفارت خانے نے کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسرائیل میں موجود امریکی شہریوِں، سرکاری اہلکاروں اور اُن کے اہلِ خانہ کو تاحکمِ ثانی محفوظ مقامات میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا لبنان میں فوری جنگ بندی پر زور
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔
سیکریٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں ایک مکمل جنگ سے ہر صورت بچنا ہو گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل نے لبنان کے وزیرِ اعظم سے بھی بات کی ہے جب کہ وہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے رابطے جاری رکھیں گے۔
ایران نے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغنے کی ذمہ داری قبول کرلی
ایسوسی ایٹڈ پریس نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہےاور اسرائیل میں ایسے سائرن سنائی دیے ہیں جن میں ے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ میزائل حملے سے بچنے کے لیے پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔
تل ابیب اور یروشلم کے قریب کھڑکیوں کو ہلادینے والے دھماکے سنے گئے ، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا یہ آوازیں میزائلوں کی لینڈنگ کی تھیں یا اسرائیلی دفاعی نظام کی جانب سے انہیں روکے جانے کی، یا دونوں کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان رئیر ایڈمرل ڈینیل ہگاری نے کہا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر آپریشنل ہے اور خطرے کو شناخت کر کے اسے روک رہا ہے۔
اس سے قبل، ایک سینئر امریکی عہدے دار نے خبردار کیا تھا کہ ایران اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اگر ایسا کوئی حملہ ہوا تو اسے ’سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
انٹرنیٹ پر جار ی کیے گئے ایک نوٹس میں، اسرائیل میں امریکی سفارت خانے نے ’تمام امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک پناہ گاہوں کے قریب موجود رہیں‘ ۔
یہ میزائل حملے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل کی فوج نے منگل کو بتایا تھا کہ جنوبی لبنان میں اس کے زمینی دستوں نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کے خلاف حملہ شروع کیا ہے اور وہاں سے شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے کئی رہنما ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں گروپ کے اعلیٰ رہنما حسن نصراللہ بھی شامل ہیں۔