اسرائیل کی حزب اللہ کے خلاف لبنان میں زمینی کارروائی
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے خلاف کارروائی کے لیے لبنان کے جنوبی علاقے میں زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی کو 'آپریشن ناردرن ایروز' کا نام دیا ہے جس میں اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے دیہی علاقوں میں کارروائی کی جائے گی۔
بیان کے مطابق محدود حملوں کے لیے فضائیہ اور آرٹلری پیادہ فورسز کو مدد فراہم کر رہی ہیں۔
لبنان کے سرحدی علاقے ایتا الشاب کے مکینوں نے بتایا ہے کہ علاقے میں ہیلی کاپٹرز اور ڈرون کی پروازوں کے علاوہ بڑے پیمانے پر شیلنگ کی جا رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمۂ خارجہ نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ کے ڈپٹی لیڈر نعیم قاسم نے پیر کو کہا تھا کہ مزاحمتی فورسز زمینی لڑائی کے لیے تیاری ہیں۔
ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے: امریکی وزیرِ دفاع
امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اپنے اسرائیلی ہم منصب یوو گیلنٹ سے ٹیلی فونک رابطے میں اسرائیل کی کارروائیوں سے متعلق بات چیت کی اور اسرائیل کے حقِ دفاع کی حمایت کو دہرایا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس کی ایک پوسٹ میں لائیڈ آسٹن نے بتایا کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع سے گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لبنانی حزب اللہ کو شمالی اسرائیل پر سات اکتوبر جیسے حملے کرنے سے روکنے کے لیے سرحد کے ساتھ اس کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا ضروری ہے۔
اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے لیے ہے: امریکی قومی سلامتی کونسل
امریکہ کی قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ لبنان کی سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے تناظر میں ہے۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ آپریشن کے پھیلنے کے خطرات ہو سکتے ہیں۔ البتہ لبنان کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر استحکام کا واحد حل سفارت کاری ہے۔
کونسل نے کہا ہے کہ " امریکہ حزب اللہ اور ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اسرائیل کے حقِ دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اسرائیل کا آپریشن خطرناک بھی ہو سکتا ہے لیکن اس بارے میں ہم ان سے بات کرتے رہیں گے۔
حزب اللہ کا اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کی صبح سرحدی علاقے میتولا میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیل نے بھی بدھ کی علی الصباح اعلان کیا تھا کہ اس نے لبنان کے جنوبی سرحدی علاقوں میں 'محدود پیمانے پر' کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔