رسائی کے لنکس

براہِ راست اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان کے سرحدی علاقوں میں جھڑپیں

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کی صبح سرحدی علاقے میتولا میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقوں میں 'محدود پیمانے پر' کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جسے 'آپریشن ناردرن ایروز' کا نام دیا گیا ہے۔

13:20

لبنان کے جنوب میں حزب اللہ سے جھڑپیں جاری ہیں: اسرائیل

اسرائیل نے کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فورسز اور حزب اللہ کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے سرحدی علاقوں میں پیر کی شب آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تھا جس میں ایلیٹ 98 ڈویژن کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا یہ دستہ غزہ میں فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے خلاف مہینوں سے لڑ رہا ہے جسے دو ہفتے قبل ہی لبنان کی سرحد پر تعینات کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان کے دیہات میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اسرائیلی کے شمال میں بسنے والی کمیونیٹیز کے لیے فوری خطرہ ہیں۔

10:50

حزب اللہ کا اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کی صبح سرحدی علاقے میتولا میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیل نے بھی بدھ کی علی الصباح اعلان کیا تھا کہ اس نے لبنان کے جنوبی سرحدی علاقوں میں 'محدود پیمانے پر' کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

10:17

اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے لیے ہے: امریکی قومی سلامتی کونسل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ لبنان کی سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کا 'محدود آپریشن' حقِ دفاع کے تناظر میں ہے۔

کونسل نے خبردار کیا ہے کہ آپریشن کے پھیلنے کے خطرات ہو سکتے ہیں۔ البتہ لبنان کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر استحکام کا واحد حل سفارت کاری ہے۔

کونسل نے کہا ہے کہ " امریکہ حزب اللہ اور ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اسرائیل کے حقِ دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اسرائیل کا آپریشن خطرناک بھی ہو سکتا ہے لیکن اس بارے میں ہم ان سے بات کرتے رہیں گے۔

08:35

امریکی وزیرِ دفاع کا اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب یوو گیلنٹ سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان کی سرحدی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگان کے مطابق لائیڈ آسٹن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی کے لیے سفارت کاری کو یقینی بنایا جائے۔

پینٹاگان کے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لبنانی سرحد کے قریب واقع انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حزب اللہ اسرائیل کے شمالی علاقوں میں سات اکتوبر کی طرز کے حملے نہ کر سکے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG