چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس شروع
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں ججوں کے تحفظات سمیت مختلف عدالتی امور زیرغور آ سکتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کے علاوہ تمام جج اجلاس میں شریک ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کے باعث فل کورٹ اجلاس کا حصہ نہیں ہیں۔
اجلاس میں اہم انتظامی فیصلے بھی متوقع ہیں۔ یہ رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں کہ اس اجلاس میں عدالتی اصلاحات پر بھی غور کیا جائے گا۔
مخصوص نشستوں کا فیصلہ، پی ٹی آئی نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی
تحریکِ انصاف نے مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ نے دائر کی ہے۔ سلمان اکرم راجہ کی اس درخواست میں الیکشن کمیشن کے ارکان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو فوری فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دیا جائے۔ عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ کمیشن کے ارکان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عابد زبیری نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے۔
سپریم کورٹ میں عابد زبیری سمیت چھ وکلا نے درخواست میں وفاق اور صوبوں کو فریق بنایا ہے۔
سابق صدر عابد زبیری نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار، آئین کے بنیادی حقوق اور بنیادی آئینی ڈھانچہ کے منافی قرار دیا جائے۔
یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ججوں کے تقرر کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے سے روکا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پارلیمان نا مکمل اور اس کی آئینی حیثیت پر قانونی سوالات موجود ہیں۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے چیف جسٹس کا تقرر عدالتی نظام میں مداخلت کے مترادف ہے۔ آئینی بینچوں کا قیام سپریم کورٹ کے متوازی عدالتی نظام کا قیام ہے۔
دوسری جانب 26ویں آئینی ترمیم بلوچستان کی وکلا تنظیموں نے بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔ بلوچستان بار کونسل اور بلوچستان ہائی کورٹ بار نے درخواستیں دائر کر دیں ہے۔
درخواستوں میں وفاقی سیکریٹری قانون اور تمام صوبائی چیف سیکریٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کا فل کورٹ کا ڈھائی گھنٹے طویل اجلاس
سپریم کورٹ کا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جاری فل کورٹ اجلاس ختم ہو گیا ہے۔
فل کورٹس اجلاس لگ بھگ ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔
اس اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کے سوا تمام دستیاب جج شریک تھے۔