نئے چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج ہوگا
پاکستان کے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس آج ہوگا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہفتے کو عہدے کا حلف لینے کے بعد فل کورٹ اجلاس اور سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کر لیا تھا۔
فل کورٹ اجلاس کے لیے پیر کو دن ایک بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا جب کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس آئندہ ماہ کے آغاز میں طلب کیا گیا ہے۔ کونسل کا اجلاس آٹھ نومبر کو ہوگا۔
پاکستان میں ایک اور آئینی ترمیم کرنے کی بازگشت
پاکستان میں 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ایک اور آئینی ترمیم ایوان میں پیش کرنے کی بازگشت ہو رہی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکومتی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں اعلیٰ سطح پر اس حوالے سے ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں۔ البتہ اس حوالے سے کسی بھی طرف سے باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمٰن نے کسی بھی مزید آئینی ترمیم کی مخالفت کا عندیہ دیا ہے۔
تحریکِ انصاف کا کسی بھی آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے کا اعلان
تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وہ آئین میں مزید کسی بھی ترمیم کی مخالفت کرے گی۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم ہو یا 28ویں تحریکِ انصاف اس کی مخالفت میں کھڑی ہو گی۔