پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحریکِ انصاف کو شہر کے نواحی علاقے کاہنہ کے مقام پر جلسہ کرنے کی اجازت دی ہے جب کہ پی ٹی آئی نے مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت مانگی تھی۔
ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے 43 مختلف شرائط رکھی گئی ہیں۔ان شرائط میں وزیر اعلیٰ خبیر پختونخوا کو آٹھ ستمبر کے جلسے میں استعمال کیے جانے والے الفاظ پر جلسے میں معافی مانگنا بھی شامل ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ آئین کے دائرے میں رہ کر جلسہ کریں گے، نہ کوئی توڑ پھوڑ ہو گی اور نہ کوئی ایسی بات ہو گی جو قانون کے خلاف ہو۔
تحریک انصاف کو لاہور جلسے کے لیے پابند کیا گیا ہے کہ جلسے میں کوئی ریاست مخالف اور اداروں کے خلاف نفرت انگیز بات نہ کی جائے۔گاڑی پر جلسے کا اعلان کرنے پر پابندی ہوگی اور جلسے کے لیے وال چاکنگ بھی نہیں کی جا سکتی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ جلسہ گاہ کے لیے ساونڈ سسٹم کے لیے پنجاب ساؤنڈ سسٹم آرڈیننس 2015 کا اطلاق ہوگا اور ساتھ ساؤنڈ سسٹم کی آواز جلسہ گاہ سے باہر نہیں جائے۔