لاہور ہائی کورٹ: تعلیمی اداروں میں ہراسانی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں طالبات کے ساتھ مبینہ طور پر پیش آنے والے ہراسانی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
رانا سکندر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں حکومتِ پنجاب کو چیف سیکریٹری کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں بچی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا جب کہ لاہور کے نجی کالج میں بچی کے ساتھ زیادہ پر احتجاج کیا گیا۔ اسی طرح مقامی سرکاری یونیورسٹی میں بھی طالبات نے ہراساں کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق طالبات کا تحفظ پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے لیکن صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کی ہراسگی کے واقعات کی تحقیقات اور حکومتِ پنجاب کو زیر تعلیم طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دے۔
قلات میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، مشینری کو آگ لگا دی
بلوچستان کے علاقے قلات میں تعمیراتی کمپنی پروگریسیو ٹیکنیکل ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کی سائٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے دوران مسلح افراد نے وہاں موجود مشینری کو آگ لگا دی۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے مرتضیٰ زہری کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے قلات اور منگچر میں دو سائٹس کو نشانہ بنایا۔ مسلح افراد کمپنی کے 10 افراد کو اپنے ساتھ بھی لے گئے۔
قلات میں لیویز حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ مسلح افراد نے دو مختلف واقعات میں کریشنگ پوائنٹ اور پی ٹی اے کے ٹاؤنز پر حملہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بلڈوزر اور مشینری کو آگ لگادی۔
ان کے بقول مسلح افراد جن مزدوروں کو اپنے ساتھ لے کر گئے تھے انہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا ہے۔
لاہور: زیادتی کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج: 'کسی کے پاس معلومات ہیں تو پولیس کو دے'
- By ضیاء الرحمن
لاہور میں پنجاب کالج میں طالبہ کے ساتھ زیادتی کے مبینہ واقعے کے خلاف طلبہ اور عورت مارچ سے تعلق رکھنے والوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا ہے۔
پنجاب کالج میں زیادتی کے مبینہ واقعے کے خلاف طلبہ دو روز سے سراپا احتجاج ہیں جب کہ پولیس کا کہنا ہے اسے مبینہ زیادتی کا کوئی ثبوت یا عینی شاہد نہیں ملا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ واقعے سے متعلق اگر کسی شہری کے پاس کوئی بھی معلومات ہے تو وہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا مطلع کریں۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ پولیس کے مطابق غیر مصدقہ واقعے سے متعلق ہر پہلو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے مبینہ ریپ سے متعلق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے سنا ہے۔ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ گروپس طلبہ کو احتجاج پر اکسا رہے ہیں۔
ایس سی او اجلاس: بھارتی وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد
بھارت کے وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ کا طیارہ منگل کی سہ پہر سوا تین بجے کے قریب نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر ایس سی او اجلاس میں بھارتی وفد کی نمائندگی کریں گے۔