رسائی کے لنکس

ایس سی او سربراہی اجلاس؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ

شنگھائی تعاون تنظیم کے 23 ویں اجلاس کے لیے چین، روس، بھارت، تاجکستان اور دیگر ممالک کے رہنما پاکستان میں موجود ہیں۔ ایس سی او کا اجلاس بدھ تک جاری رہے گا۔

09:01 15.10.2024

عمران خان تک رسائی کی حکومتی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کا احتجاج مؤخر

پاکستان کی حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں طے کردہ احتجاج کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی نے کہا ہےکہ وزیرِداخلہ محسن نقوی نے یقین دلایا ہے کہ عمران خان کی معالج تک رسائی کو بحال کرتے ہوئے منگل کی صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کی جانب سے کارکنوں کو ایک ملک گیر کال جاری کی گئی تھی کہ وہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے لیے جمع ہوں۔ تاہم اب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ کی یقین دہانی کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیرسٹر علی گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت پارٹی کے ہر کارکن اور عہدیدار کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور خاندان کے افراد کو فوری ملنے کی اجازت کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیے

09:05 15.10.2024

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسو سی ایشنز کی درخواست اور بینکوں کی چھٹیوں کے پیش نظر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔

ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214A کے تحت کی گئی ہے۔

09:26 15.10.2024

ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے لیے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ پارک روڈ کو بنی گالہ سے اور راول ڈیم چوک کو کلب روڈ سے بند کیا گیا ہے جب کہ فیصل ایونیو کو فیض آباد کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جے پی روڈ سے آئی ایٹ جانے والے راستے بند ہیں۔ اسی طرح کشمیر ہائی وے پر کنونشن سینٹر جانے والی سڑک بھی بند ہے۔اس کے علاوہ بارہ کہو سے مری روڈ جانے والے راستے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

12:23 15.10.2024

پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل

پنجاب حکومت نے نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق پنجاب کالج کے طلبہ کی جانب سے احتجاج اور سوشل میڈیا مہم کے بعد طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ تاہم کالج انتظامیہ ایسے کسی بھی واقعے کی تردید کرتی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی پنجاب کالج واقعے کی تحقیقات کرے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG