رسائی کے لنکس

کراچی بار ایسوسی ایشن کا جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس نامزد کرنے کا مطالبہ

کراچی بار ایسوسی ایشن نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا حق ہے۔ لیکن جس طرح یہ حق استعمال کیا گیا اور ترمیم پاس کی گئی وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

09:18 21.10.2024

آج طے ہو گیا کہ پارلیمان سپریم ہے: شہباز شریف

سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ آج طے ہو گیا کہ پارلیمان سپریم ہے۔

ان کے مطابق سازشوں کے ذریعے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا۔ وزرائے اعظم کی چھٹی کرا دی جاتی تھی۔

اسی دوران فجر کی نماز کے لیے اذان کی آواز آئی تو وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نمازِ فجر کے لیے اذان ہو گئی ہے۔ اس میں تاخیر کا بوجھ نہیں لوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریکِ انصاف بھی آئینی ترمیم کے لیے ایوان میں آتی تو بہت اچھا ہوتا۔ ایوان میں موجود عوامی نمائندے ذاتی انا قربان کرکے آگے بڑھے۔

09:05 21.10.2024

قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ ووٹ کیسے پورے ہوئے؟

قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے 224 ارکان کی حمایت درکار تھی۔

حکمران اتحاد کے پاس ایوان میں 213 ارکان کی حمایت یا ووٹ موجود تھے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کوشش سے جمعیت علماء اسلام (ف) کو اس ترمیم کے حق میں راضی کیا گیا۔ جے یو آئی (ف) اپوزیشن کی جماعت ہے۔

جے یو آئی کے سینیٹرز نے سینیٹ میں بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر حکومت کی مشکل آسان کی تھی جب کہ قومی اسمبلی میں بھی اس کے آٹھ ارکان نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیے۔

جے یو آئی کے ان آٹھ ارکان کی حمایت کے بعد بھی حکومت کو چار ووٹوں کی کمی کا سامنا تھا۔

اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت سے قومی اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنے والے چار ارکان نے آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالااور یوں حکومت کو درکار تعداد سے ایک زائد ووٹوں کے ساتھ 225 ووٹ مل گئے اور آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔

08:57 21.10.2024

قومی اسمبلی سے 26ویں آئینی ترمیم کی تمام شقیں دو تہائی اکثریت سے منظور

پاکستان کی قومی اسمبلی نے 26ویں آئینی ترمیم کی تمام شقیں دو تہائی اکثریت سے منظور کر لی ہیں۔

آئینی ترمیم کے حق میں 225 ارکان نے ووٹ دیے ہیں۔

ترمیم کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں اپوزیشن نے حصہ نہیں لیا اور قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی سے واک آوٹ کیا۔

08:52 21.10.2024

سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور

پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا سینیٹ سے اتوار کی شب آئین میں ترمیم کے لیے پیش کیا گیا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کیا گیا ہے۔

سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے رائے شماری کے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے بل کے حق میں 65 سینیٹرز نے ووٹ دیا اور چار نے اس کی مخالفت کی۔

ترمیم کے حق میں حکمران اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹیْ نے ووٹ دیا ہے۔ جب کہ اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام(ف) نے بھی بل کی حمایت کی ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے دو سینیٹرز اورمسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا نے بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔

اپوزیشن جماعتوں پاکستان تحریکِ انصاف، سنی اتحاد کونسل اور مجلسِ وحدت مسلمین نے ترمیمی بل پر کی شق وار منظوری کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔

سینیٹ کے بعد آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG