وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گئی جسے آج سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا امکان ہے۔
کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ کی عمارت میں بلایا گیا ہے۔
اس کے ختم ہونے کے بعد وفاقی وزیرِ اطلاعات کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔
…
کسی بھی آپشن کے تحت آج ترمیم منظور کرالیں گے: وزیرِ اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کابینہ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ہمارے پاس بہت سے آپشنز دستیاب ہیں۔آپشن اے پر عمل نہ ہوا تو بی او سی بھی موجود ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ کسی ایک آپشن کے تحت آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی۔
قومی اسمبلی کی پریس گیلری سے ویڈیو بنانے والے کا موبائل ضبط کرلیا جائے گا: اسپیکر کی رولنگ
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق آج ہونے والے اجلاس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں مہمانوں کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی پریس گیلری کے لیے ون ڈے کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ میں خہا گیا ہے کہ پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری سے ویڈیو بنانے سے گریز کریں اور کوئی ویڈیو بنائے گا تو اس کا موبائل ضبط کرلیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق پریس گیلری میں اسمبلی کے سیکیورٹی اہلکار بھی موجود ہوں گے۔
زین قریشی 16 اکتوبر کے بعد خاندان کے رابطے میں نہیں: مہربانو قریشی
پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور رکنِ قومی اسمبلی زین قریشی 16 اکتوبر کی صبح سے خاندان کے رابطے میں نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم دعا کر رہے ہیں کہ وہ محفوظ ہوں اور پارٹی پالیسی کے مطابق کہیں چھپے ہوئے ہوں۔
ان کے بقول لیکن خدشہ ہے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 15 مہینوں سے میرے والد، ہمارے نائب کپتان کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ وفا کی ایک لازوال قربانی دے رہے ہیں اور ہم سب اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رکن اسمبلی زین قریشی پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے ہیں۔