غزہ بحران کئی نسلوں کی ترقی کو خطرے میں ڈال رہا ہے: اقوامِ متحدہ
اقوامِ متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ کے تباہ کن اثرات نے فلسطینی علاقوں میں ترقی کو سات دہائیوں تک روک دیا ہے۔ یہ صرف غزہ میں ہی نہیں بلکہ کئی نسلوں تک فلسطینیوں کی ترقی کو خطرے میں ڈالے گا۔
اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے ایڈمنسٹریٹر اچیم اسٹینر نے کہا کہ اس نئے جائزے میں پیش گوئی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ فوری مصائب اور جانوں کے ہولناک نقصان کے درمیان ایک سنگین ترقیاتی بحران بھی سر پر منڈلا رہا ہے جو فلسطینیوں کی آنے والی نسلوں کےمستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کے تعاون سے تیار کی گئی یو این ڈی پی کی رپورٹ کے اجراء کے موقع پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ہر ایک سال بھی انسانی امداد فراہم کی جاتی ہے تب بھی ایک دہائی یا اس سے زیادعرصے تک معیشت اپنی سطح کو دوبارہ حاصل نہیں کر سکتی۔
یہ نیا جائزہ دہلا دینے والے اعدادوشمار سے بھرا ہوا ہے۔ اس میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں غربت جو 2023 کے آخر میں 38.8 فی صد تھی، 2024 میں بڑھ کر 74.3 فی صد ہو جائے گی۔
اس سے 41 لاکھ افراد متاثر ہوں گے جن میں 26 لاکھ 10 ہزار نئے غریب ہونے والےلوگ شامل ہیں۔
شمالی غزہ میں اسرائیلی کارروائی، فلسطینیوں کی نقل مکانی جاری
اسرائیل کی فوج کی طرف سے انخلاء کے احکامات کے بعد شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ سے فلسطینی اپنے اہل خانہ اور سامان کے ساتھ نقل مکانی کر رہے ہیں ۔
اسرائیلی ڈرون فلسطینیوں کے سر کے اوپر چکر لگاتے رہے اور اعلان ہوتے رہے کہ جبالیہ کے شمال میں بیت لاہیا قصبے کے آس پاس کے علاقوں کو خالی کر دیا جائے جہاں اس ماہ کے آغاز میں فوجی کارروائی شروع ہوئی تھی۔
بہت سے فلسطینیوں کو خدشہ ہے کہ انخلاء کے احکامات اسرائیلی منصوبے کا حصہ ہیں جس سے علاقے کو خالی کر کے ایک بفر زون بنایا جائے گا جس سے اسرائیل جنگ کے بعد غزہ پر کنٹرول کر سکے گا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مخصوس راستوں سے لوگوں کو نکال رہی ہے اور جنوب کی طرف جانے والے شہریوں میں شامل درجنوں عسکریت پسندوں کو شناخت کر لیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی اسپتال کے قریب بمباری
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی فوج نے ایک اسپتال کے قریب بمباری کی ہے۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اس حملے میں ایک بچے سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔
وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل نے بیروت کے مرکز سے چند کلو میٹر دور اس علاقے کو نشانہ بنایا جہاں لبنان کا سب سے بڑا مرکزِ صحت رفیق حریری اسپتال بھی واقع ہے۔
اسرائیل نے بیروت کے جنوب میں مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ لیکن رفیق حریری اسپتال کے آس پاس کے گنجان آباد علاقے کے لیے کوئی ایسی ہدایات جاری نہیں کی گئی تھیں۔
عراق: داعش کے اعلیٰ رہنما سمیت نو کمانڈروں کی ہلاکت کا دعویٰ
عراق میں اعلیٰ حکام نے اعلان کیا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی پہاڑوں میں ایک حملے میں ملک میں داعش کے نو کمانڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ انسدادِ دہشت گردی فورسز نےداعش کے "نو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں خود کو داعش عراق کا گورنر کہنے والے محمد عبدالقادر الجاسم بھی شامل تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق جاسم نے لگ بھگ ایک سال قبل عراق میں داعش کا کنٹرول سنبھالا تھا۔