اسرائیل وزیرِ اعظم کو خطاب روکنا پڑ گیا
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کو یروشلم میں اس وقت اپنا خطاب روکنا پڑا جب ان کی تقریر کے دوران احتجاج شروع ہو گیا۔
اس دوران بعض افراد نعرے بازی کرتے رہے۔ کچھ نے اونچی آواز میں کہا کہ ’شرم کرو‘۔ یہ تقریب سات اکتوبر کو حماس کے حملے میں مارے جانے والوں کی یاد میں منقعد کی گئی تھی۔
اسرائیل میں ایک طبقہ حماس کا حملہ روکنے اور یرغمالوں کی واپسی میں ناکامی کی ذمہ داری نیتن یاہو اور ان کی حکومت پر عائد کرتا ہے۔
حماس نے سات اکتوبر دو ہزار تیئس کو اسرائیل پر دہشت گرد حملہ کیا تھا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق بارہ سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حماس نے ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا لیا تھا جن میں سو اب ابھی اس کی تحویل میں ہیں۔
اسرائیل کی فوج کی جوابی کارروائی میں اب تک غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام طبی حکام کے مطابق بیالس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔
ایران پر اسرائیل کا حملہ؛ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر اسرائیل کے حملوں پر آج ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے مطابق ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ایران پر اسرائیل کے ہفتے کو کیے گئے حملوں پر بات چیت کی جائے گی۔
اسرائیل نے یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سےحملے کے جواب میں ایران پر حملے کیے تھے۔
ایران نے اتوار کو اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی تھی جس کی حمایت الجزائر، چین اور روس نے کی تھی۔
اسرائیل میں ڈرائیور نے ٹرک بس اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھا دیا
اسرائیل کے وسطی شہر رامات ہاشارون میں اتوار کو ایک ڈرائیور نے اپنا ٹرک بس اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ خفیہ ایجنسی ’موساد‘ کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حملہ تھا یا واقعہ حادثہ تھا۔
مصر کی غزہ میں دو روزہ عارضی جنگ بندی کی تجویز
مصر کے صدر جنرل ریٹائرڈ عبد الفتاح السیسی نے غزہ میں دو روزہ جنگ بندی اور محدود تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز پیش کی ہے۔
صدر عبد الفتاح السیسی نے یہ تجویز ایسے موقع پر دی ہے جب غزہ میں جاری جنگ کو ایک برس سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے۔ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے جب کہ لگ بھگ سو یرغمالی اب بھی حماس کی تحویل میں ہیں۔
عبد الفتاح السیسی کی جانب سے پیش کی گئی تجویز میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے یرغمالوں کی واپسی کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی جائے۔
قاہرہ میں اتوار کو پریس کانفرنس میں مصری صدر نے کہا کہ دو روزہ جنگ بندی میں غزہ سے چار یرغمالوں کو رہا کیا جائے جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینیوں کو رہا کیا جائے اور پھر مزید دس دن تک اس پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی یہ تجاویز غزہ کا انتظام سنبھالنے والی عسکری تنظیم حماس یا اسرائیل کو بھی پیش کی جا چکی ہیں۔