حزب اللہ کا اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عسکری رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے باوجود ان کی مزاحمت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حزب اللہ نے جمعے کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں عسکری تنظیم نے اسرائیل کے خلاف کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل نے جمعرات کو غزہ میں ایک فوجی کارروائی کے دوان حماس کے رہنما یحیٰ سنوار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس ضمن میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ تاہم حماس نے اسرائیلی دعوے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائی میں مارے جانے والے یحیٰ سنوار ہی تھے۔
اسرائیلی فوج نے یحیٰ سنوار کی ویڈیو جاری کر دی
اسرائیلی وزیرِ اعظم کی جانب سے لڑائی جاری رکھنے کا اعلان اور جنگ بندی کی ٹوٹتی اُمیدیں
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے باوجود جنگ جاری رکھنے کے اعلان پر مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کی اُمیدیں پھر سے دم توڑ رہی ہیں۔
خیال تھا کہ یحیی سنوار کی ہلاکت کے بعد ایک سال سے جاری غزہ جنگ ختم ہو سکتی ہے۔ تاہم اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ جب تک حماس ہتھیار نہیں ڈال دیتی اور اسرائیلی یرغمالوں کو بازیاب نہیں کرا لیا جاتا، جنگ جاری رہے گی۔
وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایران کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ "ہمارے پاس برائی کے محور کو روکنے اور ایک بہتر مستقبل بنانے کا ایک بہترین موقع ہے۔"
نیتن یاہو کا بیان صدر بائیڈن اور دیگر مغربی رہنماؤں کے بیانات سے مختلف ہے جس میں ان رہنماؤں نے اُمید ظاہر کی تھی کہ یحییٰ سنوار کی ہلاکت سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہو گی۔
یحییٰ سنوار لڑائی کے دوران جان کی بازی ہار گئے ہیں: حماس رہنما کی تصدیق
حماس کے رہنما خلیل الحیا نے تصدیق کی ہے کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار جمعرات کو لڑائی کے دوران جان کی بازی ہا ر گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں حماس رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک ؒغزہ میں جنگ بند نہیں ہو جاتی اور اسرائیلی فوج نکل نہیں جاتی، اس وقت تک یرغمالوں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔