لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہیلتھ ورکرز کی ہلاکت
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہیلتھ ورکر ہلاک ہوئے ہیں۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اہانوم گیبریسس نے ایک آن لائن پریس بریفنگ میں بتایا کہ لبنان میں جاری بمباری کی وجہ سے طبی عملے کے کئی دیگر ارکان سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے۔
ان کا کہنا ہے تھا کہ بمباری کی وجہ سے ہنگامی حالات میں طبی امداد فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارۂ صحت جمعے کو طبی ساز و سامان کی کھیپ طے شدہ شیڈیول کے مطابق لبنان نہیں پہنچا سکے گا۔
حزب اللہ کا خلیجِ حیفا میں اسرائیلی فوج کے اڈے پر راکٹ حملوں کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجِ حیفا میں اسرائیل کے فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے خلیجِ حفیا میں سخنین بیس پر حملہ کیا ہے جو اسرائیل کی ملٹری انڈسٹریز کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی سے عالمی معیشت متاثر ہوسکتی ہے: آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے علاقائی اور عالمی معیشت پر غیر معمولی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ترجمان جولی کوزیک نے معمول کی پریس کانفرنس میں کہا کہ آئی ایم ایف جنوبی لبنان کی صورتِ حال پر ’گہری تشویش‘ کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے اور جانی نقصان پر اظہارِ ہمدردی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی مزید بڑھی تو اس سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور خطرات کے معاشی اثرات خطے اور دنیا پر ہوں گے۔