لبنان میں بفر زون سے انخلاء کی اسرائیل وارننگ میں توسیع، کیا یہ وسیع حملے کا اشارہ ہے؟
اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز لبنان میں لوگوں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان کے ایک شہر اور دیگر ایسی کمیونٹیز کو خالی کر دیں جو اقوام متحدہ کے اعلان کردہ بفر زون کے شمال میں ہیں۔
یہ اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ وہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے خلاف اس ہفتے کے آغاز میں شروع کی گئی زمینی کارروائی کو وسیع کر سکتا ہے۔
اسرائیل نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ صوبائی دار الحکومت نباتیح اور دریائے لیطانی کے شمال میں واقع دیگر کمیونٹیز سے نکل جائیں۔
یہ وہ علاقہ ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے قائم کردہ سرحدی زون کا شمالی کنارہ ہے۔ سلامتی کونسل نے 2006 کی جنگ کے بعد ایک قرارداد میں، دونوں فریقوں کی جانب سے ایک دوسرے پر خلاف ورزی کے الزامات کے بعد یہ زون قائم کیا تھا۔
قطر کے امیر کا 'وحشیانہ حملوں' کے شکار لبنان کی مدد کا وعدہ
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جمعرات کو لبنان کے لیے اپنی "مکمل حمایت" کا اظہارکرتے ہوئےکہا ہےکہ انہوں نے حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے پیش نظر ہنگامی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
امیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کہا، "میں قطر کی ریاست کی طرف سے لبنان اور اس کے برادر عوام کے لیے ان پر کیے جانے والے وحشیانہ حملوں کے خلاف مکمل حمایت کی تصدیق کرتا ہوں۔"
انہوں نے مزید کہا"میں نے تمام بے گھر افراد اور اس جارحیت سے متاثر ہونے والوں کو انسانی بنیادوں پر امدادی امداد فراہم کرنے کے لیے تیز رفتار کارروائی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔"
ایمریٹس ایئر لائن کی 'علاقائی بدامنی' کی وجہ سے ایران، عراق اور اردن کی پروازیں منسوخ
ایمریٹس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی بدامنی کی وجہ سے 4 اور 5 اکتوبر کو عراق (بصرہ اور بغداد)، ایران (تہران) اور اردن (عمان) کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئر لائن نے اس سے قبل دبئی اور بیروت کے درمیان 8 اکتوبر تک منسوخی کا اعلان کیا تھا، کیونکہ کئی دیگر کیریئرز نے بھی کچھ سروسز کو روک دیا تھا۔
بیروت ایئر پورٹ کے قریب حزب اللہ کے گودام پر اسرائیلی حملہ، ذرائع
حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کوایک اسرائیلی فضائی حملے میں بیروت کے ہوائی اڈے کے ساتھ واقع ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا، جو اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے عسکریت پسند گروپ کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کے بعد سے تازہ ترین حملہ ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ گودام میں کیا تھا۔