لبنان میں کشیدگی، امریکی وزیرِ خارجہ کا اسرائیلی وزیر سے رابطہ
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیل سے کہا ہے کہ لبنان میں مزید کشیدگی سرحد کے دونوں اطراف شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی مشکل بنا دے گی۔
محکمۂ خارجہ کے مطابق اینٹنی بلنکن نے اسرائیل کے اسٹرٹیجک امور کے وزیرِ ران ڈرمر سے بات کی ہے اور انہوں نے فریقین کے درمیان 21 روزہ جنگ بندی معاہدے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیلی وزیر سے ایسے موقع پر بات کی ہے جب جمعرات کو اسرائیل نے لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی سے انکار کر دیا تھا ایک روز قبل ہی امریکہ، فرانس اور دیگر اتحادیوں نے مسئلے کے حل کی تلاش کے لیے فوری طور پر 21 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی۔
اسرائیل اور لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان تنازع کے باعث سرحد کے دونوں اطراف ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیلی وزیر سے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی بنیاد پر امداد کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی ہے۔
گزشتہ برس فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی جانب سے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ جنگ کا آغاز ہوا تھا۔ حماس کے حملے میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 افراد ہلاک اور 250 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
اسرائیل کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 41 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔