رسائی کے لنکس

ویکسین کورس مکمل ہونے کے باوجود سینیٹر لنزی گراہم کا کرونا ٹیسٹ مثبت


ری پبلکن سینیٹر لنزی گراہم (فائل فوٹو: رائٹرز)
ری پبلکن سینیٹر لنزی گراہم (فائل فوٹو: رائٹرز)

امریکی سینیٹر لنزی گراہم پہلے سینیٹر بن گئے ہیں جن کا ویکسین لگوانے کے بعد بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے بقول وہ خوش ہیں کہ انہوں نے کرونا کے خلاف ویکسین لگوا رکھی تھی ورنہ ان میں کرونا کی علامات کہیں زیادہ شدید ہو سکتی تھیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق سینیٹر گراہم کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کئی اراکین کانگریس کو کرونا ٹیسٹ کے لیے جانا پڑا اور انہوں نے اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر لنزی گراہم کے ساتھ سینیٹ میں ان کے چند ساتھیوں نے اختتام ہفتہ دفتری امور کی انجام دہی اور میل ملاپ میں وقت گزارا تھا۔

لنزی گراہم نے سینیٹر جو منچن کے ساتھ ہاؤس بوٹ یعنی گھر نما کشتی میں شام گزاری تھی جہاں انہوں نے پہلی بار اپنے اندر کرونا کی علامات محسوس کی تھیں۔

سینیٹر گراہم نے پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں بتایا کہ انہیں ہفتے کی شام نزلہ و زکام جیسی علامات محسوس ہوئی تھیں جس کے بعد وہ پیر کو ڈاکٹر کے پاس گئے جہاں انہیں بتایا گیا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ان کے بقول، "مجھے لگا جیسے مجھے سائی نس انفیکشن ہے اور اس وقت میرے اندر معمولی علامات موجود ہیں۔"

سینیٹر لنزی گراہم نے کہا کہ وہ 10 روز کے لیے قرنطینہ میں جا رہے ہیں۔

چھیاسٹھ سالہ سینیٹر نے کہا وہ بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ انہوں نے ویکسین لگوا رکھی تھی کیوں کہ ویکسین کے بغیر وہ ایسا محسوس نہ کرتے جیسا اس وقت کر رہے ہیں۔

ترجمان کیون بشپ کے مطابق سینیٹر لنزی گراہم نے ہفتے کی شام جو منچن کے ہاں ایونٹ میں شرکت کی تھی۔ ادھر سینیٹر منچن کی ترجمان سیم رنیان نے بتایا کہ ویسٹ ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے ویکسین کا کورس مکمل کر رکھا ہے اور وہ کووڈ پازیٹو آنے والے افراد سے میل ملاپ رکھنے کی صورت میں سی ڈی سی کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

کیپیٹل ہل پر پیر کی شام وہ سینیٹرز بھی ووٹ کے عمل کے لیے موجود تھے جنہوں نے ہفتے کی شام سینیٹر لنزی گراہم کے ساتھ سینیٹر منچن کے ہاں تقریب میں شرکت کی تھی۔

منچن نے کہا کہ انہوں نے اپنا ٹیسٹ کرایا ہے جو نیگیٹو آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ہاں تقریب آؤٹ ڈور تھی یعنی بند کمروں کے اندر نہیں تھی۔

سینیٹر کرس کونز نے، جو ڈیلاویئر سے ڈیموکریٹ رہنما ہیں، صحافیوں کو بتایا کہ وہ بھی "آلموسٹ ہیون" نامی کشتی پر سوار تھے اور وہ اپنے ٹیسٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ ری پبلکن سینیٹر جون تھون، ڈیموکریٹ سینیٹر جیکی روزن بھی اس تقریب میں شامل تھے اور وہ اپنا ٹیسٹ کرا رہے ہیں۔

زیادہ تر سینیٹرز ان دنوں چہرے پر ماسک لگائے نظر آتے ہیں جب ملک کے اندر کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن ان سے یہ تقاضا نہیں ہے کہ وہ اپنے چیمبروں کے اندر ماسک لگا کر بیٹھیں اور اب بھی کچھ سینیٹرز ایسے ہیں جو ماسک نہیں لگاتے۔

ریاست میزوری سے سینیٹر روئے بلنٹ، جو کہ ایک ری پبلکن ہیں اور ویکسین کا کورس مکمل کر چکے ہیں، پیر کے روز ماسک کے بغیر نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ آیا وہ دوبارہ ماسک لینا شروع کریں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو فکر ہے کہ سینیٹر گراہم کی بیماری ویکسین لگوانے میں بعض لوگوں کی حوصلہ شکنی کر سکتی ہے۔

سینیٹر لنزی گراہم ایسے وقت میں کرونا پازیٹو آئے ہیں جب امریکہ کے اندر بیماریوں پر قابو پانے اور پیشگی بچاؤ کا ادارہ (سی ڈی سی) ویکسین کا کورس مکمل کرنے والوں کو بھی ہدایت کر رہا ہے کہ وہ دوبارہ ماسک پہننا شروع کریں۔ ادارہ انتہائی تیزی سے پھیلنے والے کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کا حوالہ دے رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG