رسائی کے لنکس

ہسپتال پر روسی حملے میں ایک ڈاکٹر ہلاک، نرس زخمی، یوکرین


 ماسکو میں یکم اگست کو ایک ڈرون حملے سے متاثرہ عمارت، فوٹو اے پی،
ماسکو میں یکم اگست کو ایک ڈرون حملے سے متاثرہ عمارت، فوٹو اے پی،

روسی عہدیداروں نے کہا ہے کہ منگل کے روز فضائی دفاع کے ذریعےیو کرین کے ایسے متعدد ڈرونز مار گرائے گئے جو ماسکو کو نشانہ بنا رہے تھے ان میں سے ایک کا ملبہ روسی دارالحکومت میں ایک کئی منزلہ عمارت سے ٹکرایا۔

ماسکو کے مئیر سرگئی سوبیانن نے ٹیلیگرام پر کہا کہ یہ وہی عمارت تھی جس پر اتوار کے روز بھی یو کرین کے ایک ڈرون نے حملہ کیا تھا۔

منگل کے اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

منگل کے روز ہی روسی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس کی فورسز نے بحیرہ اسود میں اس کے دو گشتی جہازوں پر یو کرین کے تین بحری ڈرونز کا حملہ ناکام بنا دیا۔

روس نے کہا ہے کہ یہ حملہ سیواستوپول سے 340 کلو میٹر جنوب مغرب میں ہوا۔

یو کرین پر روسی حملہ

یو کرین کے جنوبی شہر کھیرسن میں حکام نے کہا ہے کہ روسی گولہ باری میں ایک اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جس سے ایک ڈاکٹر ہلاک اور ایک نرس زخمی ہو گئی۔

خارکیف میں ڈرون حملے کے بعد آگ بجھانے کا منظر۔ فوٹو رائٹرز یکم اگست 2023
خارکیف میں ڈرون حملے کے بعد آگ بجھانے کا منظر۔ فوٹو رائٹرز یکم اگست 2023

خارکیف کے علاقے میں عہدیداروں نے منگل کے روز بتایا کہ روسی حملے میں ایران کے شاہد ڈرونز کا استعمال کیا گیا جس میں ایک عمارت، ایک تعلیمی ادارے اور سپورٹس کمپلیکس کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

روسی حملوں میں یوکرینی ہلاکتوں کے سلسلے نے یو کرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو مجبور کیا کہ وہ یو کرین کے لیے دور مار ہتھیاروں کی ضرورت پر زور دیں۔

پیر کے روز کریوی رہخ شہر میں جو صدر زیلنسکی کا آبائی شہر ہے، عہدیداروں کے مطابق دو روسی میزائلوں کے حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے۔

یوکرین امن کانفرنس

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ یو کرین میں امن کے لیے سعودی عرب میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ تاہم ترجمان میتھیو ملر نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

جرمنی میں یوکرین میں امن کے لیے ایک میٹنگ۔ فوٹو اے ایف پی فروری 2023
جرمنی میں یوکرین میں امن کے لیے ایک میٹنگ۔ فوٹو اے ایف پی فروری 2023

اس سے پہلے وال سٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز خبر دی تھی کی سعودی عرب صدر زیلنسکی کے امن منصوبے کے بارے میں اعلیٰ سطحی بات چیت میں مغربی ممالک، یو کرین اور ترقی پذیر ممالک کو بھی دعوت دے گا۔

میکسیکو کے صدر آندرے مینوئیل لوپیز اوبراڈور نے یو کرین کی جنگ کو "بلا جواز" قرار دیا اور زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں آئندہ امن مذاکرات میں یو کرین اور روس دونوں کے نمائندوں کو شریک کیا جائے اور کہا کہ اگر دونوں فریقوں کی نمائندگی نہ ہوئی تو وہ کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

کریملن نے پیر کے روز کہا ہے کہ وہ اس کانفرنس پر نظر رکھے گا مگر فی الحال ایسے حالات نہیں ہیں کہ کیف کے ساتھ امن کی بات چیت کی جائے۔

( اس خبر کے لیے مواد رائٹرز، اے پی اور اے ایف پی سے لیا گیا)

فورم

XS
SM
MD
LG