رسائی کے لنکس

کائلی جینر دنیا کی کم عمر ترین 'سیلف میڈ' ارب پتی


کائلی جینر۔ فائل فوٹو
کائلی جینر۔ فائل فوٹو

ویب ڈیسک- فوربز میگزین نے کائلی جینر کو دنیا کی کم عمر ترین خود ساختہ ارب پتی خاتون قرار دیا ہے۔ کائلی جینر کو یہ اعزاز ان کے ابھرتے ہوئے کاسمیٹکس کے کاروبار کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ یہ کاروبار انہوں نے آج سے تین برس پہلے شروع کیا تھا۔

اکیس سالہ کائلی جینر امریکی ریئلٹی ٹیلی ویژن کے مشہور ستاروں کِم کارڈیشئین۔ کلوئی کارڈیشیئن اور کورٹنی کارڈیشیئن کی سوتیلی بہن ہیں۔ جینر کو فوربز کی جانب سے پہلی بار ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے دو ہزار پندرہ میں کائیلی کاسمیٹکس کے نام سے آن لائین کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ ان کی جانب سے خواتین کو دی جانے والی خصوصی پیشکش میں انتیس ڈالر مالیت کی ایسی کِٹس شامل ہیں جن میں لپسٹک اور لپ لائینر اکٹھے ملتے ہیں۔

فوربز کا کہنا ہے کہ نا صرف کائیلی جینر دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی خاتون ہیں بلکہ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے یہ دولت اپنے بل بوتے پر کمائی ہے اور وہ ایسا کرنے والی کم عمر ترین ارب پتی بھی ہیں۔

فوربز میگزین کی جانب سے مرتب کی جانے والی اس فہرست میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ جو افراد ارب پتی ہیں ان میں سے کونسے ایسے ہیں جن کی زیادہ تر دولت انہیں ورثے میں ملی ہے۔

فوربز کے مطابق گزشتہ سال کائیلی کاسمیٹکس نے تقریباً تین سو ساٹھ ملین ڈالرز مالیت تک کی پراڈکٹس فروخت کی تھیں۔ جینر ایک بیٹی کی ماں ہیں اور اپنی کمپنی کی اکیلی مالک ہیں، انہوں نے کسی بھی شراکت دار کو اس کاروبار میں رکھنے سے گریز کیا ہے۔ یہی نہیں کائیلی جینر کو کیبل ٹی وی پر آنے والے ایک پروگرام ’کیپنگ اپ ود دا کارڈیشینز ‘ میں شامل ہونے اور دیگر برانڈز کی توثیق کرنے پر بھی خاصی رقم ملتی ہے۔ کائیلی کاسمیٹکس نے گزشتہ سال امریکہ میں قائم ایک بڑے بیوٹی سٹور الٹا بیوٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ان کی تمام پراڈکٹس الٹا کے امریکہ میں موجود ایک ہزار ایک سو تریسٹھ سٹورز پر دستیاب ہوں گی۔

فوربز کی جانب سے کائیلی جینر کو کم عمر ترین عمر میں اپنے بل بوتے پر ارب پتی کا اعزاز دیے جانے پر سوشل میڈیا پر لوگ زیادہ خوش نہیں ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کائیلی جینر سیلف میڈ نہیں ہیں یعنی انہوں نے تمام دولت اور اپنے آن لائین کاروبار کا عروج محض اپنے بل بوتے پر حاصل نہیں کیا ہے۔ بلکہ وہ ایک امیر گھرانے میں پیدا ہوئی ہیں اور ہالی ووڈ کی مشہور سلیبرٹی کم کارڈیشین کی سوتیلی بہن ہیں۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ کائیلی جینر اپنے کامیاب کاروبار اور اس قدر دولت کا سہرا بھی سوشل میڈیا کو ہی دیتی ہیں۔ فوربز سے بات کرتے ہوئے کائلی جینر نے کہا ہے کہ ’یہ سوشل میڈیا ہی کی طاقت ہے‘ ۔ کائلی جینر کے اس وقت 175 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں جو ان کے فیس بک انسٹاگرام ٹوئیٹر اور سنیپ چیٹ وغیرہ پر پھیلے ہیں۔ کائیلی جینر نے فوربز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اپنا آن لائین کاروبار شروع کرنے سے پہلے ہی مجھے سوشل میڈیا پر خاصا اثرو رسوخ حاصل تھا۔‘ کائیلی جینر کے مطابق ان کے کامیاب آن لائین کاروبار کا راز وہ پندرہ ہزار میک اپ کٹس ہیں جنہیں انہوں نے اپنی جیب سے پیسہ خرچ کر کے خریدا اور پھر انتیس ڈالر فی کٹ کے حساب سے انہیں آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا۔ جو ان کے مطابق منٹوں میں فروخت ہو گئیں۔

فوربز کی جانب سے اس سے پہلے فیس بک کے بانی تئیس سالہ مارک زکربرگ کو کم عمر ترین خود ساختہ ارب پتی کا اعزاز دیا گیا تھا۔ دو ہزار انیس کی فوربز کی ارب پتی افراد کی فہرست میں دو ہزار ایک سو تریپن افراد شامل کیے گئے ہیں اور کائیلی جینر کو اس فہرست میں 2057 نمبر پر رکھا گیا ہے۔

فوربز کی اس سال کی ارب پتی کی فہرست میں اول نمبر پر آنے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایمازون کے بانی اور چیف ایگزیکیٹیو جیف بیزوس ہیں اور فوربز کے مطابق ان کے کل اثاثوں کی مالیت گزشتہ سال کے ایک سو بارہ ارب ڈالرز سے بڑھ کر ایک سو اکتیس ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG