رسائی کے لنکس

کراچی پریس کلب کی دیواروں پر میڈیا، شان تاثیر کے خلاف نعرے


یہ نعرے کلب کی دیواروں پر حال ہی میں پینٹ کی گئی سول سوسائٹی کے لئے گرانقدر خدمات انجام دینے والی نامور خواتین کی تصاویر پر کالے رنگ سے اسپرے کی مدد سے لکھے گئے ہیں

کراچی پریس کلب کی دیواروں پر رات کے اندھیرے میں نامعلوم افراد ملکی میڈیا اور سابق مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شان تاثیر کے خلاف نعرے لکھ کر فرار ہوگئے۔

یہ نعرے کلب کی دیواروں پر حال ہی میں پینٹ کی گئی سول سوسائٹی کے لئے گرانقدر خدمات انجام دینے والی نامور خواتین کی تصاویر پر کالے رنگ سے اسپرے کی مدد سے لکھے گئے ہیں۔

ان میں معروف آرکیٹکٹ یاسمین لاری، مشہور ڈراما نویس فاطمہ ثریا بجیا، سینئر صحافی زبیدہ مصطفیٰ کے علاوہ دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والی سماجی رضاکار سبین محمود اور پروین رحمن کی تصاویر شامل ہیں۔

’آئی ایم کراچی‘ نامی تنظیم نے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے چند ماہ پہلے خوبصورت رنگوں سے ان تصاویر کو کلب کی دیواروں پر پینٹ کیا تھا جنہیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کالے رنگ سے لکھے نعروں سے نامعلوم افراد نے داغدار بنا دیا ہے۔

اگرچہ نعروں پر کسی فرد کا نام نہیں لکھا گیا اور نا ہی ابھی پوری طرح اس بات کی تصدیق ہو سکی ہے کہ اس کے پیچھے کون سی تنظیم ہے، لیکن ایک تصویر پر ’پاکستان سنی تحریک‘ کا مخفف ’پی ایس ٹی‘ اور’تحریک لبیک‘ درج ہے۔

نعروں میں توہین مذہب کے الزام میں قید آسیہ بی بی کو پھانسی دینے کا مطالبہ بھی درج ہے۔ آسیہ بی بی کے حق میں بیان دینے پر ہی سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو کچھ سال پہلے قتل کر دیا گیا تھا۔

یاسمین لاری کی تصویر کے نیچے ایک لائن میں یہ عبارت بھی درج ہے ’’شان تاثیر کو فی الفور گرفتار کرکے پھانسی دو ۔۔ورنہ پھر نہ کہنا‘‘۔

شان تاثیر مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے ہیں۔ سلمان تاثیر کو انہی کے محافظ ممتاز قادری نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ سلمان تاثیر نے توہین مذہب کے قانون کے خلاف اور غیر مسلموں کے حق میں بیان دیا تھا۔

شان تاثیر نے بھی گزشتہ دنوں سلمان تاثیر کے نظریات کی تقلید کرتے ہوئے آسیہ بی بی کے حق میں بیان دیا تھا جس پر انہیں مذہبی جماعتوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

زبیدہ مصطفیٰ جو پاکستان کی معروف صحافی ہیں ان کے پورٹریٹ پر ’میڈیا پر لعنت‘ لکھا گیا ہے جبکہ کراچی لینڈ مافیا کے خلاف آواز اٹھانے اور 2013ء میں قتل ہونے والی پروین رحمٰن کی تصویر پر ’پی ایس ٹی‘ لکھا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG