رسائی کے لنکس

روس یوکرینی انتخابات میں مداخلت نہ کرے، کیری


Vashingtonda tong otmoqda
Vashingtonda tong otmoqda

جان کیری کا کہنا تھا کہ یوکرین کے عوام اس بات کے مستحق ہیں کہ انہیں جمہوری طریقے سے اپنی رائے کے اظہار کا پورا موقع دیا جائے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے روس کو متنبہ کیا ہے کہ وہ رواں ماہ یوکرین میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ہر قسم کی مداخلت سے باز رہے۔

منگل کو واشنگٹن میں اطالوی ہم منصب فیڈریکا موگیرینی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے ذریعے یوکرین کے عوام کو اپنی منزل خود متعین کرنے کا اختیار ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بندوق کی نوک یا "ماسکو میں لگائے جانے والے ٹھپوں والے بیلٹ پیپرز" کے ذریعے یوکرین کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اور مغرب یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا یوکرین کے عوام اس بات کے مستحق ہیں کہ انہیں جمہوری طریقے سے اپنی رائے کے اظہار کا پورا موقع دیا جائے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے یورپی یونین کی جانب سے یوکرین میں مداخلت کے مرتکب مبینہ روسی حکام کے خلاف مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کو سراہا۔

جناب کیری نے یورپی تنظیم برائے سلامتی و تعاون (او ایس سی ای) کی جانب سے آئینی اصلاحات کے عمل میں کِیو حکومت کی مدد کے عمل کے لیے بھی اپنی حمایت کا اظہار کیا تاکہ یوکرین میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک یورپ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی خطرے کی صورت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 'نیٹو' ممالک کی سرزمین ناقابلِ تسخیر ہے جس کے ایک ایک ٹکڑے کی حفاظت کی جائے گی۔

دریں اثنا مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں کےخلاف یوکرینی افواج کی کارروائیاں جاری ہیں جن میں کم از کم سات فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

یوکرین کی وزارتِ دفاع کے مطابق ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب کراماٹورسک کے علاقے کے نزدیک گشت کرنے والے یوکرینی فوجیوں کی گاڑی پر مسلح باغیوں نے حملہ کردیا۔

حملے میں سات فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ روس نواز باغیوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران اب تک یوکرینی افواج کا یہ سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔
XS
SM
MD
LG