بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مبینہ بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر سوموار کو منایا گیا۔
راولپنڈی اسلام آباد میں مختلف جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حق رائے دہی کے حصول کے لیے عالمی برادری کے جاگنے کا انتظار کررہے ہیں اور قابض بھارتی فوج کا جبرو استبداد کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کشمیر کو پاکستان کہ شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے۔ ہم اس شہ رگ کو بھی آزاد کرنا چاہتے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کشمیر کمیٹی کے سربراہ کو پاکستان اور کشمیر سے دلچسپی نہیں۔ کشمیرکا مسئلہ اجاگر کرنے میں پاکستان مسلم لیگ نون نے ہمیشہ روایتی کمزوری دکھائی۔
سوموار کو وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے تجارتی مرکز بلیوائریا میں چائنہ چوک اسلام آباد سے ڈی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے حریت رہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے الزام عائد کیا کہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں۔ بھارتی کشمیر میں بھارت خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ جب تک امن نہیں ہو گا ، اقتصا دی ترقی نہیں آئے گی۔ مسلئہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
راولپنڈی مری روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ ریلی نے لیاقت باغ سے چاندی چوک تک مارچ کیا۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی شمس آباد راولپنڈی سے شروع ہوئی جو آبپارہ پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ جلسے سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہماری شہ رگ دشمن کے قبضے میں ہے۔ ہم اس شہ رگ کو بھی آزاد کرنا چاہتے ہیں۔ کشمیری ستر سال سے آزادی کے لئے کٹ رہے ہیں۔ مرتے وقت بھی کشمیریوں کا یہی نعرہ ہوتا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں شہدا کی قبروں پر سبز ہلالی جھنڈا نظر آتا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب تو سکول کی بچیاں بھی ٹینکوں کا مقابلہ اپنی کتابوں سے کر رہی ہیں۔ ایک لاکھ بیٹے شہید ہو چکے ہیں اور دو لاکھ پچاس ہزار جیلوں میں ہیں۔ کشمیر سے آنے والے پانیوں میں سرخ خون بھی شامل ہوتا ہے۔ ہماری قوم بہادر ہے جس نے بھارت کی بالادستی کو تسلیم نہیں کیا۔ اس قوم کو ایسی قیادت نہیں مل سکی جو قومی جذبات کی ترجمانی کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے جنرل قمر جاوید باوجوہ کا پیغام ٹوئٹ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حق رائے دہی کے حصول کے لیے عالمی برادری کے جاگنے کا انتظار کررہے ہیں اور قابض بھارتی فوج کا جبرو استبداد کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو نشانہ بنانا بھارت کا معمول بن گیا ہے اور مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہو گی۔ جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ 2017 سے اب تک بھارت 1881 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2016 میں بھارت نے 382 مرتبہ اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا، 2014 میں 315 اور 2015 میں 248 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاستی جبرو تشدد سے کشمیریوں کو انکے حقوق سے محروم نہيں رکھا جاسکتا۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے عوام اپنی جدو جہد میں تنہا نہیں ہیں۔ خطے میں پائیدار قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت ہمیشہ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیر کمیٹی کے سربراہ کو پاکستان اور کشمیر سے دلچسپی نہیں۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نون نے ہمیشہ روایتی کمزوری دکھائی۔