رسائی کے لنکس

ہالی ووڈ، بالی ووڈ اور لالی ووڈ کے بعد اب ہوگا ’کارا ووڈ فلم فیسٹیول‘


ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس فیسٹول میں پاکستان کے علاوہ ایران، ترکی، امریکہ اور بھارت میں بننے والی فلمیں بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی

کراچی ۔۔۔ ’کارا ووڈ فلم فیسٹیول‘ کی ’الجھن‘ اب ’سلجھن‘ میں بدلنے لگی ہے۔ کارا ووڈ۔۔ یعنی کراچی فلم فیسٹیول کے چیف آپریٹنگ آفیسر عدنان بشیر خان نے منگل کو ’وائس آف امریکہ‘ سے خصوصی بات چیت میں کہا ہے کہ ’مرکزی سنسر بورڈ کی جانب سے انہیں کل تک فیسٹیول کے دوران دکھائی جانے والی فلموں کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ مل جائے گا، جس کے فوری بعد کراچی ہی نہیں ملک بھر کے ناظرین اگلے ایک ہفتے تک نئی فلموں کا مزہ اٹھا سکیں گی۔‘

عدنان بشیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’فیسٹیول میں صرف فیچر فلمیں ہی نہیں بلکہ دستاویزی فلمیں، شارٹ فلمیں اور دیگر کیٹیگری میں شمار ہونے والی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔‘

عدنان کا مزید کہنا ہے کہ ’فیسٹیول کے نام سے آپ یہ نہ سمجھئے گا کہ یہ صرف کراچی میں ہی منعقد ہوگا۔۔نہیں بلکہ لاہور اور اسلام آباد کے فلم بین بھی اس کا بھرپور مزہ اٹھا سکیں گے۔‘

ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس فیسٹول میں پاکستان کے علاوہ ایران، ترکی، امریکہ اور بھارت میں بننے والی فلمیں بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔

پہلی بار منعقد ہونے والے ’کارا ووڈ فلم فیسٹیول‘ کی جیوری کے رکن ویٹرن اداکار ندیم کا کہنا ہے ’کارا ووڈ فلم فیسٹیول سے فلم انڈسٹری کو ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ یہ نہ صرف مقامی فلم میکرز کو اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے لانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا، بلکہ فیسٹیول کے ذریعے پاکستانی فلم میکرز ایران اور دیگر ملکوں سے اشتراک کرکے انٹرنیشنل مارکیٹ کا حصہ بھی بن سکیں گے۔‘

کارا ووڈ فلم فیسٹول کے سی ای او، عدنان بشیر خان نے بھی فیسٹیول کو دوسرے فلمی میلوں سے مختلف قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کارا ووڈ فیسٹیول میں دوسرے ملکوں کی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ یہ صرف فیسٹول نہیں ایک پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے فلم انڈسٹری سے وابستہ نوجوان آگے آکراپنے ٹیلنٹ کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کرسکیں گے۔

کارا ووڈ فیسٹول سے اشتراک کرنے والے سی ای او، سینے پیکس سینماز ہاشم رضا کے بقول ’اس طرح کے فلمی میلوں سے پاکستان فلم انڈسٹری کو سیکھنے، آگے بڑھنے اور پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔‘

XS
SM
MD
LG