رسائی کے لنکس

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا


کراچی کنگر کے کھلاڑی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
کراچی کنگر کے کھلاڑی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گئی ہے جب کہ لاہور قلندرز کی چوتھی پوزیشن ہو گئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز اسکور کیے۔ سہیل اختر نے 49 گیندوں پر 68 رنز بنائے جن میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد حفیظ 22 گیندوں پر 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمید سیف اور ارشد اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کراچی کنگز کے اوپنرز نے آؤٹ ہوئے بغیر مطلوبہ ہدف 17.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ شرجیل خان نے 59 گیندوں پر 74 رنز بنائے جن میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے۔ شرجیل خان کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ اس کے دو میچ ابھی باقی ہیں۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی 9،9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ لاہور قلندرز کے 8 اور اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 7،7 پوائنٹس ہیں۔

لیگ کے چار میچ باقی رہ گئے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG