رسائی کے لنکس

فلم 'ایمرجنسی' ریلیز سے قبل تنقید کی زد میں، کنگنا کو دھمکیاں


  • فلم 'ایمرجنسی' میں کنگنا رناوت نے بھارت کی سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے۔
  • چند روز قبل فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر فلم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
  • فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سکھ برادری الزام عائد کر رہی ہے کہ اس میں ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔

ویب ڈیسک—بھارت کی مشہور اداکارہ اور تنازعات کا شکار رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی آنے والے فلم 'ایمرجنسی' کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئی ہیں۔

فلم 'ایمرجنسی' میں کنگنا رناوت نے بھارت کی سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے۔

چند روز قبل فلم کا آفیشل ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر فلم سے متعلق تنقید کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر راہل چوہان نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں چند افراد کنگنا رناوت کی فلم پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فلم میں خالصتان تحریک کے سکھ رہنما سنت جرنیل سنگھ بھنڈرانوالا کو دہشت گرد کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

کنگنا رناوت نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پنجاب، مہاراشٹرا اور ہماچل پردیش کی پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر نظرِ ثانی کریں۔

یاد رہے کہ فلم 'ایمرجنسی' سن 1975 میں بھارت میں لگنے والی ایمرجنسی کے سیاسی دور کے گرد گھومتی ہے۔

فلم آئندہ ماہ چھ ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم میں کنگنا کے ساتھ اداکار انوپم کھیر، ماہما چوہدری اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سکھ برادری کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اس میں ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔

بھارتی ٹیلی ویژن 'اے بی پی نیوز' کے مطابق گزشتہ ہفتے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) نے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے اداکارہ کے خلاف مبینہ طور پر سکھ برادری کی "کردار کشی" کی کوشش کرنے کے الزام میں ایف آئی آر کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG