رسائی کے لنکس

فضائی حملے میں امدادی کارکنوں کی ہلاکت ایک سنگین غلطی تھی: اسرائیل


ورلڈ سنٹرل کچن کے ارکان اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے ایک غیر ،ملکی امدادی کارکن کی نعش کو ٹرانسپورٹ کرتے ہوئے، فوٹو اے پی 3 اپریل 2024
ورلڈ سنٹرل کچن کے ارکان اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے ایک غیر ،ملکی امدادی کارکن کی نعش کو ٹرانسپورٹ کرتے ہوئے، فوٹو اے پی 3 اپریل 2024

  • غزہ میں ورلڈ کچن سینٹر کےامدادی کارکنوں کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت پر رد عمل
  • ورلڈ سینٹرل کچن کے بانی ہوزے آندریس نے نیویارک ٹائمز میں بدھ کو شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا کہ اسرائیل نے واضح طور پر نشان زدہ گاڑیوں پر براراست حملہ کیا، جن کی نقل و حرکت اسرائیل کی دفاعی افواج کے علم میں تھی۔
  • امریکی صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ وہ اس حملے پر ناخوش اور دل شکستہ ہیں۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس کا وہ فضائی حملہ جس میں غزہ میں سات امدادی کارکن مارے گئے تھے،ایک سنگین غلطی تھی۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالیوی نے حملے کا سبب، جس میں امدادی گروپ ورلڈ سینٹر کچن یا ڈبلیو سی کے سے تعلق رکھنے والے ارکان مارے گئے، رات کے وقت جنگ کے دوران انتہائی پیچیدہ حالات میں ایک غلط شناخت تھی۔

ہالیوی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈبلیو سی کے ایک ایسی تنظیم ہے جس کے لوگ اسرائیل سمیت دنیا بھر میں مشکل حالات میں بہتری لانے کے لیے کام کرتے ہیں۔ اور اسرائیلی افواج، سینٹرل کچن کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں اور اس اہم کام کو بہت زیادہ سراہتی ہیں جو وہ کرتے ہیں۔

ورلڈ سینٹرل کچن کے بانی ہوزے آندریس نے نیو یارک ٹائمز میں بدھ کو شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا کہ اسرائیل نے واضح طور پر نشان زدہ گاڑیوں پر براہ راست حملہ کیا، جن کی نقل و حرکت اسرائیل کی دفاعی افواج کے علم میں تھی۔

آندریس نے کہا کہ یہ حملہ اس پالیسی کا نتیجہ تھا کہ جس نے امداد کو مایوس کن حد تک کم کر دیا ہے۔

آندریس نے کہا کہ اپنی تاریخ کے بدترین دہشت گردی کے حملے کے بعد، بد ترین حالات میں اب اسرائیل کو اپنا بہترین رخ دکھانے کا وقت آ گیا ہے۔ آپ غزہ میں ہر عمارت پر بمباری کر کے یرغمالوں کو نہیں بچا سکتے۔ اور آپ ایک پوری آبادی کو بھوکا مار کر یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو دیر گئے کہا کہ اس حملے پر وہ تکلیف محسوس کرتے ہیں اور دل شکستہ ہیں۔

بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ( امدادی کارکن) جنگ کے دوران بھوکے شہریوں کو کھانا فراہم کر رہے تھے۔ وہ بہادر اور بے غرض لوگ تھے۔ ان کی اموات ایک سانحہ ہے۔

امریکی لیڈر نے کہا کہ منگل کا حملہ کوئی تنہا واقعہ نہ تھا اور یہ کہ اسرائیل نے ان امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جو شہریوں کو وہ مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس کی انہیں شدید ضرورت ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی شہریوں کو تمام دستیاب وسائل کے ذریعے انسانی امداد پہنچانے کے لیے جو کچھ ہم کر سکتے ہیں ، امریکہ وہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ میں اسرائیل پر امداد کی فراہمی میں سہولت پہنچانے کے لیے مزید اقدامات کے لیے زور دینے کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔

ورلڈ کچن سینٹر نے کہا ہے کہ وہ حملے بعد خطے میں انسانی کوششوں کو فوری طور پر آگے بڑھا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ ملک کی افواج نے بے گناہ لوگوں پر غیر ارادی حملہ کیا۔

منگل کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ روز ایک افسوس ناک واقعہ ہوا جس میں ہماری افواج نے غزہ میں بلا ارادہ ایسے لوگوں کو نقصان پہنچایا جو لڑنے کے لیے نہیں آئے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگ میں یہ ہوتا ہے۔ ہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اور حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔ اور ہم اس قسم کے واقعات دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے ہر اقدام کریں گے۔

(وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG