آسٹریلیا کی شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت
اسرائیل اور حزب اللہ میں حالیہ کشیدگی کی وجہ سے آسٹریلیا نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑ نے کی ہدایت کر دی ہے۔
خبر رساں دارے ’رائٹرز‘ کے مطابق لبنان میں آسٹریلیا کے لگ بھگ 15 ہزار شہری موجود ہیں۔ حکام کو اندیشہ ہے کہ کشیدگی بڑھنے کی صورت میں لبنان کے دارالحکومت بیروت کا بین الاقوامی ایئر پورٹ بند ہو سکتا ہے جس کے بعد شہریوں کے انخلا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بنا لیا ہے اس منصوبے کے تحت آسٹریلیا کے شہریوں کو لبنان سے پانی کے راستے بھی نکالا جا سکتا ہے۔ البتہ انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر آپشن پر غور کر رہی ہے۔ لیکن واضح طور پر قومی سلامتی کے معاملات بھی زیرِ غور ہیں۔
اسرائیلی اپوزیشن کا سات دن کے لیے جنگ بندی پر زور
اسرائیل کی پارلیمان میں حزبِ اختلاف کے لیڈر لایئر لاپیڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کو امریکہ اور فرانس کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرے اور صرف سات دن کے لیے جنگ بندی کرے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر اس جنگ بندی کے معاہدے کی تھوڑی سی بھی خلاف ورزی ہو تو اسرائیل اپنی بھر پور قوت سے پورے لبنان میں کارروائی شروع کر سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ایسی کوئی بھی تجویز قبول نہیں کرے گا جس میں حزب اللہ کو اسرائیل کی شمالی سرحد سے ہٹانے کا نکتہ شامل نہ ہو۔
لبنان کے وزیرِ اعظم کو جنگ بندی کی امید
لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میکاتی نے لبنانی اور اسرائیلی سرحد پر 21 روزہ جنگ بندی کے عالمی مطالبے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا جنگ بندی کا معاہدہ ہو سکتا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ بالکل، اس کی امید ہے۔
نجیب میقاتی کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کی کامیابی کا امکان اسرائیل کے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد پر ہے جو اس وقت اپنی افواج لبنان کی سرحد پر منتقل کر رہا ہے۔
لبنان میں اسرائیلی کارروائی کے لیے امریکہ خفیہ اطلاعات فراہم نہیں کر رہا: پینٹاگان
امریکہ کے محکمۂ دفاع (پینٹاگان) نے بدھ کو کہا ہے کہ اسرائیل کے لبنان میں جاری آپریشن میں امریکہ انٹیلی جینس سپورٹ فراہم نہیں کر رہا۔
پینٹاگان کی نائب ترجمان سبرینا سنگھ نے بھی کہا ہے کہ اسرائیل کی لبنان میں زمینی کارروائی کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکہ اسرائیل کے لبنان میں آرپریشن میں کسی قسم کی مدد کر رہا ہے جس میں انٹیلی جینس سپورٹ بھی شامل ہے؟
تو اس سوال کے جواب میں سبرینا سنگھ نے کہا کہ نہیں کوئی مدد نہیں کی جا رہی۔