رسائی کے لنکس

شام میں داعش کو مکمل شکست ہو چکی ہے: ایس ڈی ایف


ایس ڈی ایف کے ترجمان نے کہا کہ ''سیئرین ڈیموکریٹک فورسز نے اعلان کیا ہے کہ خودساختہ خلافت کا قلع قمع کردیا گیا ہے۔ یہ دولت اسلامیہ کے علاقے کی 100 فی صد شکست ہے''۔

امریکی حمایت یافتہ افواج نے شام کے شمال مشرقی قصبے باغوز پر اپنے جنھڈے گاڑ دیے ہیں اور اعلان کیا ہے کہ داعش کے دہشت گرد گروپ کی خود ساختہ خلافت آخر کار دفن ہو چکی ہے۔

سیئرین ڈیموکریٹک فورسز نےکافی دنوں کے انتظار کے بعد ہفتے کے روز یہ اعلان کیا، جس سے قبل اتحادی فوج کی جانب سے متعدد فضائی حملے کیے گئے، جس کی وجہ سے رات کی تاریکی میں ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔

نشانہ میدان جنگ کا تجربہ رکھنے والے چند سو داعش کے لڑاکا بنے، جو دریائے فرات کے کنارے اور قصبے کے مضافات میں پہاڑی سلسلے کے ساتھ واقع ٹکڑے پر ڈیرہ جمائے ہوئے تھے۔

اور جونہی صبح کی روشنی ہوئی تباہ ہونے والا منظر نامہ دور سے دیکھا جانے لگا، داعش کے لڑاکوں کی مزاحمت دم توڑ چکی ہے۔

ایس ڈی ایف کے ترجمان، مصطفیٰ بالی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ''باغوز کے گائوں کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے''۔

ترجمان نے کہا کہ ''سیئرین ڈیموکریٹک فورسز نے اعلان کیا ہے کہ خودساختہ خلافت کا قلع قمع کردیا گیا ہے۔ یہ دولت اسلامیہ کے علاقے کی 100 فی صد شکست ہے''۔

بالی نے مزید کہا کہ ''ہم دنیا کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں کہ خودساختہ خلافت کو نیست و نابود کر دیا گیا ہے''۔

اس اعلان سے تقریباً 12 گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی قسم کا اعلان کیا تھا۔ اُنھوں نے 'ایئر فورس ون' میں اپنے ساتھ سفر کرنے والے اخباری نمائندوں کو بتایا تھا کہ داعش کو'' 100 فی صد شکست ہوچکی ہے''، جس سے پہلے انھیں قائم مقام وزیر دفاع، پیٹرک شناہان نے بریفنگ دی تھی۔

وائٹ ہائوس کی ترجمان، سارا سینڈرز نے کہا ہے کہ ''شام میں خلافت کے علاقے کو شکست دی جاچکی ہے''۔

تاہم، فوری طور پر امریکی دفاعی اہلکاروں اور ایس ڈی ایف نے ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG