عراقی افواج نے گزشتہ ایک برس سے داعش کے زیر تسلط شہر رمادی کے بعض حصوں کا قبضہ واپس لے لیا ہے۔
بغداد میں منگل کو جاری ہونے والے سرکاری اعلامیہ میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے رمادی میں التمیم کے علاقے کی واپسی بغداد کی حامی افواج کے لئے بڑی کامیابی ہے، جو کئی ماہ سے داعش کے مسلح جنگجوں کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکی فضائی حملوں کی پشت پناہی میں عراقی افواج شہر کو واپس لینے کے لئے جارحانہ حملے سے پہلے اطراف سے گھیرنے اور اس کی سپلائی معطل کرنے پر توجہ دے رہی تھیں۔
گزشتہ ماہ عراقی حکام نے فلسطین پل واپس لینے کا اعلان کیا تھا جو کہ دریائے فرات پر واقع ہے اور رمادی شہر کو انتہا پسندوں کے زیر قبضہ دیگر علاقوں سے ملاتا ہے۔
سرکاری افواج داعش کے لڑاکوں کو، جنھوں نے عراق اور شام کے بڑے حصے پر قبضہ جمایا ہوا ہے، جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔
داعش کے جنگجوؤں نے امبر صوبے کے دارلحکومت رمادی پر گزشتہ برس مئی میں قبضہ کیا تھا، جو کہ عراقی حکومت کے لئے بہت بڑا دھچکا تھا۔