عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری سے امریکہ کے صدر براک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے ملاقات کی ہے
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما اور نائب صدر بائیڈن نے عراق میں جہموریت کے فروغ اور قومی یکجہتی میں سلیم الجبوری کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے بشمول صوبہ انبار کو اس تنظیم کے جنگجوؤں سے آزاد کروانے میں قبائلی جنگجوؤں کو متحرک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سلیم الجبوری نے عراق کے لیے اقوام متحدہ کی اپیل کے جواب میں امریکہ کی طرف سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
امریکہ کے نائب صدر نے عراقی عوام کی مدد کے لیے مزید 90 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد عراق کو 2014 سے اب امریکہ کی طرف سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والے اعانت 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہو جائے گی۔
سلیم الجبوری نے جمعہ کو امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر سے بھی ملاقات کی جس میں ’داعش‘ کے خلاف کارروائیوں پر بات چیت کی گئی۔
رواں ہفتے بدھ کو امریکہ کے صدر براک اوباما نے ’داعش‘ کے خلاف لڑنے والی عراقی فورسز کی تربیت کے لیے مزید 450 فوجی وہاں بھیجنے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد عراق میں موجود امریکی فوجیوں کی تعداد 3500 ہو جائے گی۔
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے جمعرات کو ’وائس آف امریکہ‘ سے انٹرویو میں اپنے ملک کے لیے مزید عالمی امداد کے لیے کہا تھا۔