عراق میں عہدیداروں نے کہا ہے کہ دارالحکومت بغداد میں دو خودکش بم دھماکوں میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایک خودکش کار بم دھماکا بغداد میں ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے، اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی۔
بغداد میں ہونے والے دوسرے خودکش بم حملے میں سات افراد مارے گئے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران بغداد میں تواتر کے ساتھ ہونے والے بم حملوں کی ذمہ داری داعش قبول کرتی رہی ہے، ان بم دھماکوں میں درجنوں افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔
بغداد کے علاقے ’صدر سٹی‘ میں گزشتہ ہفتے ہونے والے خودکش بم حملے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
یہ بم حملے ایسے وقت ہوئے، جب عراقی فورسز ملک کے شمالی شہر موصل سے داعش کا قبضہ ختم کرانے میں مصروف ہیں۔
اکتوبر میں موصل میں شروع کیے گئے آپریشن کے بعد اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک اس شہر سے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگان‘ کے مطاق موصل میں اب بھی داعش کے تین سے پانچ ہزار جنگجو موجود ہیں۔