رسائی کے لنکس

عراق: ماتمی جلوس پر خودکش حملے میں 35 ہلاک


پولیس کے مطابق عاشورہ کے ماتمی جلوس میں شامل افراد کے قریب خودکش بمبار نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

عراق کے مشرقی شہر الصدیہ میں جمعرات کو محرم الحرام کے ایک جلوس پر خودکش بم حملے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور ستر سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق عاشورہ کے ماتمی جلوس میں شامل افراد کے قریب خودکش بمبار نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔ جس علاقے میں یہ دھماکا کیا گیا وہاں اکثریت میں کرد شعیہ آباد ہیں۔

زخمیوں کو کردستان کے علاقے میں واقع ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عراق میں شیعہ آبادی پر سخت گیر سنی شدت پسندوں کی طرف سے پہلے بھی مہلک حملے کیے جاتے رہے ہیں۔

بدھ کو بھی عراق میں ماتمی جلوس پر بم حملوں میں میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عراق کی حکومت ملک میں تشدد کے حالیہ اضافے کی ذمہ داری القاعدہ اور اس سے منسلک دیگر سنی تنظیموں پر عائد کرتے ہوئے یہ الزام لگاتی آئی ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد شیعہ اکثریت والی حکومت کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

عراق میں رواں سال کے آغاز سے دہشت گرد حملوں میں تیزی آئی ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تک سات ہزار سے زائد افراد تشدد کی کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG