رسائی کے لنکس

ذرا سی بھی غلطی کی تو امریکہ اور اسرائیل کو نشانہ بنائیں گے: ایران


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اور اسرائیل نے ذرا سی بھی غلطی کی تو تہران امریکہ اور اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق میجر جنرل حسین سلامی نے یہ گفتگو جمعرات کو ایران کے سرکاری ٹی وی پر لائیو نشر کیے گئے اپنے لائیو خطاب میں کی۔ وہ جنرل قاسم سلیمانی کے چالیسویں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اگر آپ نے ذرا سی بھی غلطی کی تو ہم آپ دونوں کو نشانہ بنائیں گے۔"

جنرل حسین سلامی کے خطاب سے قبل پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے بھی ایک بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت یروشلم کی آزادی کی طرف جائے گی۔

رمضان شریف نے کہا کہ اگر خدا نے چاہا تو امریکہ کی جانب سے جنرل سلیمانی کا بزدلانہ قتل یروشلم کی آزادی کی طرف جائے گا۔

یاد رہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر تھے۔ وہ تین جنوری کو عراق میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ ان کے ہمراہ عراقی ملیشیا کے کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی مارے گئے تھے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے اور ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکہ کے فوجی اڈوں پر میزائل بھی داغے تھے۔

ایران کے میزائل حملوں سے امریکی فوجیوں کا جانی نقصان تو نہیں ہوا تھا۔ البتہ بعد ازاں پینٹاگون نے درجنوں فوجیوں کو دماغی چوٹیں لگنے کی تصدیق کی تھی۔

امریکہ کی جانب سے مزید کوئی کارروائی نہ ہونے کے سبب اب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کچھ کم ہوئی ہے۔ لیکن امریکہ اور ایران کی جانب سے بیانات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

XS
SM
MD
LG