رسائی کے لنکس

صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت، ایران میں پانچ روزہ سوگ کا اعلان

ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی ہلاکت کے بعد ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر کو عبوری صدر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

13:00 20.5.2024

برطانیہ میں ایرانی سفارت خانے کے سامنے بعض ایرانی افراد کا خوشی کا اظہار

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد برطانیہ میں بعض ایرانی افراد کے خوشی کا اظہار کرنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

وائس آف امریکہ کی فارسی سروس کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لندن میں کچھ افراد ایرانی سفارت خانے کے باہر موسیقی پر رقص کر رہے ہیں۔

اس طرح کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں مبینہ طور پر ایرانی شہری خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

12:48 20.5.2024

12:27 20.5.2024

ایران کی سرکاری طور پر صدر کی ہلاکت کی تصدیق

ایران نے صدر کی موت کا سرکاری طور پر بھی اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی صدر کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، ایرانی عوام اور امام رضا کے خادم کی موت ہو گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابراہیم رئیسی نے اتوار کو صوبہ مشرقی آذر بائیجان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے دو تعمیراتی منصوبہ کا افتتاح بھی کیا تھا۔

وہاں سے واپسی پر ورزقان کے مقام پر ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔ یہ حادثہ امام رضا کے یومِ پیدائش کی شام ہوا، جس میں ابراہیم رئیسی کی موت واقع ہوئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ابراہیم رئیسی کے ہمراہ وزیرِ خارجہ حسین امیر عبد الہیان، تبریز میں نمازِ جمعہ کے امام آیت اللہ آلِ ہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر جنرل مالک رحمتی، صدر کی سیکیورٹی ٹیم کے سربراہ، ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور عملہ کے افراد بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

11:09 20.5.2024

ایرانی صدر کی موت پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے تعزیت

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے تعزیتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی تعزیتی بیانات جاری کیے ہیں۔

صدر آصف زرداری کا بیان میں کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی امتِ مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے۔ عالمِ اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ تھائی لینڈ کے وزیرِ اعظم، عراق کے وزیرِ اعظم، مالدیپ کے وزیرِ خارجہ سمیت دیگر ممالک کی اعلیٰ شخصیات نے بھی بیان جاری کیے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG