پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی یعنی 'پی ٹی سی ایل' کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کرنے کے بعد اتوار کی سہ پہر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے۔
ہفتہ کو سعودی عرب کے قریب ایک انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس انتہائی سست ہو گئی تھی۔
اگرچہ 'پی ٹی سی ایل' نے متبادل ذرائع سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم اس کے باوجود انتہائی سست رفتار سروس اور تعطل کے باعث ناصرف انٹرنیٹ صارفین کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں بلکہ ملک کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان عمران جنجوعہ نے اتوار کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی سہ پہر ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروس بحال کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "یہ ایک تکنیکی خرابی تھی پہلے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید یہ سعودی عرب کے قریب زیر آب کوئی خرابی پیدا ہوئی ہے تاہم بعد ازاں یہ معلوم ہوا کہ یہ زمین کے اوپر ایک جگہ پر کیبل میں خرابی ہوئی ہے۔ بین الاقوامی تکنیکی ٹیم نے اب اس خرابی کو دور کر کے انیٹرنیٹ سروس بحال کر دی ہے۔"
پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کے ترجمان مشہود تاجور نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ گزشتہ روز انٹرنیٹ سروس میں تعطل کی وجہ سے پی آئی اے کی دس سے زائد پروازیں منسوخ کرنی پڑیں لیکن انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد اب پی آئی اے کی پروزاوں کا شیڈول جلد معمول پر آ جائے گا۔
انٹرنیٹ کی سروس میں تعطل کی وجہ سے نا صرف عام صارفین متاثر ہوتے ہیں بلکہ خدمات کی فراہمی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
تجزیہ کار اور پاکستان کی ایک کاروباری شخصیت امین اکبر ہاشوانی نے کہتے ہیں کہ "عالمی معیشت اب زیادہ سے زیادہ خدمات کے شعبے میں ترقی کر رہی ہے اور سروس سیکٹر کے لیے انٹرنیٹ سروس بہت ضروری ہے ۔۔۔اس طرح کی خرابیاں آتی رہیں گی اس لیے انٹرنیٹ سروس کی پائیدار فراہمی کے لیے متبادل ذرائع کا ہونا ضروری ہیں۔"
پی ٹی سی ایل کے ترجمان عمران جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل نے متبادل ذرائع سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی کوشش کی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ایسی تکنیکی خرابیاں عموماً سامنے آتی رہتی ہیں اور ان کے بقول اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے نا صرف کمپنیوں بلکہ ملکوں کے پاس بھی انیٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے متبادل ذرائع ضروری ہیں۔