رسائی کے لنکس

بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا کیک بنانے کی کوشش


کیک کی تیاری میں 1500 بیکرز اور شیفس نے حصہ لیا۔
کیک کی تیاری میں 1500 بیکرز اور شیفس نے حصہ لیا۔

بھارت کی ریاست کیرالہ میں ساڑھے چھ کلو میٹر طویل کیک بنانے کی کوشش کی گئی ہے جسے دنیا کا سب سے بڑا کیک قرار دیا جا رہا ہے۔

کیرالہ کے شہر تھریسور میں بدھ کو سیکڑوں بیکرز اور شیف جمع ہوئے اور ایک لمبا کیک بنایا۔ اس کیک کی لمبائی منتظمین کے بقول 6 ہزار 500 میٹرز تھی جو تقریباً چار میل بنتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا کیک بنانے کی کوشش تھریسور میں ایک میلے کے دوران کی گئی۔ یہ ایونٹ کیرالہ کی بیکرز ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام منعقد کیا گیا تھا جہاں دنیا کا سب سے لمبا کیک دیکھنے کے خواہش مند بڑی تعداد میں موجود تھے۔

کیک کی تیاری میں 1500 بیکرز اور شیفس نے حصہ لیا اور اس کی تیاری اور سجاوٹ کا عمل تقریباً چار گھنٹوں میں مکمل ہوا۔

یہ کیک طوالت میں تو ہزاروں میٹرز پر محیط تھا لیکن اس کی موٹائی اور چوڑائی چار انچ کے لگ بھگ تھی۔ کیک رکھنے کے لیے سیکڑوں میزیں استعمال کی گئیں جنہیں ایک قطار میں ایک بڑے میدان اور اس سے ملحقہ سڑک پر رکھا گیا۔

بھارت میں دُنیا کا طویل ترین کیک بنانے کی کوشش
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:46 0:00

ونیلا فلیور میں تیار کردہ اس کیک میں 12 ہزار کلو گرام چینی اور میدہ استعمال کیا گیا۔ سیکڑوں کلو گرام چاکلیٹ بھی اس کی سجاوٹ اور ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال ہوئی۔ تیاری کے بعد کیک کا کل وزن تقریباً 27 ہزار کلو گرام تھا۔

ایونٹ کی منتظم تنظیم کے سیکریٹری جنرل نوشاد نے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اس کیک کی لمبائی کا اندازہ 6500 میٹر کے لگ بھگ لگایا ہے۔ جو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے لمبے کیک کے مقابلے میں دو گنا لمبا ہے۔ لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے حتمی لمبائی کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس سے قبل دنیا کا سب سے لمبا کیک بنانے کا ریکارڈ چین کے بیکرز کے نام ہے جنہوں نے 2018 میں تین اعشاریہ دو کلو میٹر لمبا فروٹ کیک بنایا تھا۔

نوشاد کا کہنا تھا کہ یہ ہماری صلاحیتیں دنیا کو دکھانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کیک کی تیاری میں صفائی ستھرائی کے علاوہ ذائقے کا بھی خاص خیال رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG