رسائی کے لنکس

مصنوعی سیارہ خلا میں روانہ کرنے کا بھارتی تجربہ ناکام


مصنوعی سیارہ خلا میں روانہ کرنے کا بھارتی تجربہ ناکام
مصنوعی سیارہ خلا میں روانہ کرنے کا بھارتی تجربہ ناکام

عصری‘ کرایو جینک ٹیکنالوجی’ کی صلاحیت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہونے کی بھارت کی کوشش جمعرات کے دِن اُس وقت ناکام ہوگئی جب مصنوعی سیارے، جی ایس 84 کو لے جانے والی خلائی گاڑی اپنے راستے سے بھٹک گئی۔

اِس طرح، بھارتی خلائی سائنس دانوں کی 18برس سے جاری کوششوں پر پانی پھر گیا۔

بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے کے صدر نشیں، رادھا کرشن نے بتایا کہ سری ہری کوٹ سے راکٹ کومقررہ وقت شام 4 بج کر 27منٹ پر داغا گیا۔ اگرچہ مصنوعی سیارے کے کرایوجینک انجن نے کام کرنا شروع کردیا لیکن دوسرے دو آلات جو راکٹ کو کنٹرول کرتے ہیں کام کا آغاز نہ کر سکے۔ اِس طرح، راکٹ اپنے راستے سے بھٹک گیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی سائنس دانوں نے دیسی ساختہ کرایوجینک انجن کا استعمال کیا تھا۔

ادارے کے سربراہ نے مزید بتایا کہ 18برس تک سائنس دانوں نے اِس پراجیکٹ پر کام کیا تھا اور توقع ہے کہ ایک سال میں دوسرا تجربہ کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں لانچنگ کامیاب رہی لیکن 500 سیکنڈ کے بعد خرابی پیدا ہوئی۔ لانچنگ کا مکمل مرحلہ 19تا 20منٹ کا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا کے دوسرے پانچ ممالک کے پاس کرایوجینک انجن کی ٹیکنالوجی موجود ہے، جِن میں امریکہ، روس، فرانس، جاپان اور چین شامل ہیں۔ بھارت چھٹا ملک ہے جِس نے کرایوجینک ٹیکنالوجی تیار کی تھی۔

جِس مصنوعی سیارے کو خلا میں روانہ کیا جا رہا تھا اُس کی مالیت 150کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG