رسائی کے لنکس

سکھ رہنما کے قتل کی سازش؛ بھارت نے امریکی عدالت کے سمن ’بلا جواز‘ قرار دے دیے


امریکی عدالت نے بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کو بھی سمن جاری کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
امریکی عدالت نے بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کو بھی سمن جاری کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
  • نیویارک کی ایک عدالت نے سکھ رہنما کے قتل کی سازش مقدمے میں بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور انٹیلی جینس ایجنسی را کے حکام کو بھی طلب کیا ہے۔
  • نئی دہلی نے امریکی عدالت کے سمن کو بلاجواز قرار دیا ہے۔
  • گزشتہ برس امریکی حکام نے چیک ری پبلک سے گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث بھارتی شخص کو گرفتار کرنے کی درخواست کی تھی۔
  • پنوں کا تعلق خالصتان کی حامی تنظیم کے سربراہ ہیں جنھیں بھارت دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

ویب ڈیسک__بھارت نے امریکہ کی ایک عدالت میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی سازش کے مقدمے میں اعلیٰ سیکیورٹی حکام کی طلبی کو ’مکمل طور پر غیر ضروری‘ اقدام قرار دیا ہے۔

امریکہ میں نیویارک کی سدرن ڈسٹرک کورٹ نے خالصتان تحریک کے حامی علیحدگی پسند سکھ رہنما گرپتونت سکھ کے قتل کی سازش کے الزام میں دائر ایک مقدمے میں بھارتی حکومت، قومی سلامتی کی مشیر اجیت ڈوول، خفیہ ادارے ’را‘ کے سابق سربراہ سامنت گویل، را کے ایجنٹ وکرم یادو اور بھارتی بزنس مین نکھل گپتا سے 21 روز میں جواب طلب کیا ہے۔

پیر کو بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے امریکی عدالت کے سمن کے بارے میں سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ سامنے آتے ہی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا تھا اور ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے اس مقدمے میں سمن جاری کرنے کو ’ بلاجواز‘ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا جس شخص کے دائر کیے گئے مقدمے میں عدالت نے جواب طلب کیا ہے وہ خود ایک غیر قانونی تنظیم سے تعلق رکھتا ہے۔

گرپتونت سنگھ پنوں سکھوں کی علیحدہ ریاست خالصتان بنانے کی حامی تنظیم ’سکھس فور جسٹس‘ کے سربراہ ہیں۔ بھارت نے 2020 میں نفرت انگیزی کے الزامات میں اس تنظیم پر پابندی عائد کردی تھی۔

پنوں امریکہ اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھتے ہیں۔ بھارت نے انہیں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مطلوبہ افراد کی فہرست میں بھی شامل کر رکھا ہے۔

گزشہ برس چیک ری پبلکن نے نیویارک میں گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں امریکہ کی درخواست پر بھارتی بزنس مین نکھل گپتا کو حراست میں لیا تھا۔ گپتا کو رواں برس جون میں امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔

رواں برس اپریل میں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے پنوں کی قتل میں ملوث ہونے سے متعلق اپنی رپورٹ میں بھارتی خفیہ ادارے را کے افسر وکرم یادو اور ایجنسی کے سربراہ سامنت گوئل کا نام بھی لیا تھا۔

نومبر 2023 میں بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار نے کہا تھا کہ امریکہ نے سکھ علیحدگی پسند رہنما پنوں کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے اور ایک بھارتی شخص کے خلاف قتل کی منصوبہ بندی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ یہ معاملہ نئی دہلی میں اعلیٰ ترین سطح پر حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی حکومت اس میں ملوث ہے۔

بھارت گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں اپنے انٹیلی جینس حکام کے ملوث ہونے کی تردید کرتا آیا ہے اور ایسی رپورٹ کو ’غیر ضروری اور بلاجواز‘ قرار دیتا رہا ہے۔

بیرون ملک ہونے والی ہلاکتوں میں 'را' کے ملوث ہونے کے الزامات پہلی بار پچھلے سال ستمبر میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اس اعلان کے بعد سامنے آئے تھے کہ کینیڈا سرگرمی سے ان قابل اعتبار الزامات پر کام کر رہا ہے جن کے مطابق کینیڈا کے ایک شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا تعلق ممکنہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنٹوں سے تھا۔

کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا میں ایک سکھ گرودوارے کے باہر دو نقاب پوش مسلح افراد نے نجر کو کار میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ نجر ایک سرگرم سکھ کارکن تھے جنہیں بھارت نے 2020 میں دہشت گرد قرار دیا تھا۔

ٹروڈو کے اس بیان کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا اور بھارت نے قتل کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG