کون سا بالاکوٹ؟ پاکستانی مؤقف پر سوالات
پاکستانی ٹی وی چینلز پر بعض تجزیہ کاروں نے پاکستانی فوج کے ترجمان کے بیان پر سوالات اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ بالاکوٹ کا علاقہ پاکستان کے ضلع مانسہرہ میں واقع ہے جو کنٹرول لائن سے بہت دور ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارتی طیارے کنٹرول لائن پار کرکے صرف تین سے چار میل تک اندر آئے تو ان کا 'پے لوڈ' پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں کیسے گرا؟
مظفر آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے روشن مغل کے مطابق انہیں لائن آف کنٹرول کے نزدیک چکوٹھی کے قصبے کے رہائشیوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے رات تین بجے کے قریب کئی طیاروں کے گزرنے کی زوردار آوازیں سنی تھیں جو نچلی پرواز کر رہے تھے۔
روشن مغل کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات سے بظاہر لگتا ہے کہ بھارتی طیاروں نے چکوٹھی کے نزدیک سے لائن آف کنٹرول پار کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ چکوٹھی سے مظفر آباد بذریعہ سڑک 55 کلومیٹر دور ہے جب کہ بالا کوٹ اس سے مزید 45 کلومیٹر آگے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بالاکوٹ نام کا ایک گاؤں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں عین لائن آف کنٹرول پر بھی واقع ہے لیکن وہ مظفر آباد سے کم از کم 200 کلومیٹر دور نکیال سیکٹر میں ہے۔
بھارت کا دہشت گردوں کے کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ
بھارت کی حکومت نے تاحال پاکستان کے الزامات پر کوئی باضابطہ ردِ عمل نہیں دیا ہے۔
لیکن بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشت گردوں کے اہم تربیتی کیمپس پر بمباری کرکے انہیں تباہ کردیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق اسے بھارتی فضائی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کارروائی میں میراج 2000 ساخت کے 12 طیاروں نے حصہ لیا۔
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی طیاروں نے نے لائن آف کنٹرول کے پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 1000 کلو گرام بم گرائے اور انہیں مکمل طور پر تباہ کردیا۔
بھارتی ذرائع کے مطابق حملہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے کے لگ بھگ کیا گیا۔
'پاکستان کو اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق ہے'
پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
منگل کو دفترِ خارجہ میں ایک ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کی کارروائی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ہے جس کا پاکستان جواب دینے کی صلاحیت اور حق رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے صورتِ حال پر غور کے لیے دن 11 بجے اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا ہے جس میں صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق دفترِ خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں خارجہ امور کے سابق سیکریٹریز اور سابق سفیروں نے بھی شرکت کی۔
بھارتی طیارے تین سے چار میل تک اندر آئے: پاکستان
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مظفر آباد سیکٹر میں لائن آف کنٹرول عبور کی اور تین سے چار میل تک اندر آئے۔
منگل کی صبح اپنے ٹوئٹس میں فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بھارتی طیارے پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں فوراً ہی واپس چلے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی طیاروں نے واپس جاتے وقت جلدی میں اپنا پے لوڈ (طیاروں پر موجود گولہ بارود) بھی گرادیا جو بالاکوٹ کے نزدیک ایک کھلے علاقے میں گرا ہے۔
فوجی ترجمان نے اس مقام کی تصاویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی ہیں جہاں ان کے مطابق بھارتی طیاروں کا 'پے لوڈ' گرا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کسی عمارت کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔