رسائی کے لنکس

بھارتی تجارتی تنظیم کا ایمیزون پر پابندی کا مطالبہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم، کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز نے جمعہ کے روز حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آن لائن اشیا فروخت کرنے والی سب سے بڑی غیر ملکی کمپنی ایمیزان کے مقامی یونٹ اور اس کی حریف وال مارٹ کی ملکیتی فلِپ کارٹ کی جانب سے منعقد ہونے والے سیل میلے پر پابندی عائد کرے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کمپنیاں آئندہ چند دنوں میں اشیا کی قیمتوں میں بھاری کٹوتیاں کر کے بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، یہ دونوں کمپنیاں عمومی طور پر بھارت میں دسہرا اور دیوالی جیسے سب سے بڑے تہواروں سے پہلے بڑی سیل لگاتی ہیں جس میں میں اشیا کی قیمتیں بہت کم کر دیتی ہیں۔

اس سال یہ سیل اکتوبر میں منعقد ہونی ہے۔ انہی دنوں بھارت میں سب سے زیادہ خرید و فروخت ہوتی ہے جب لوگ گاڑیاں اور زیورات جیسی مہنگی اشیا کی خرید کرتے ہیں۔

ایک بڑی غیر ملکی کمپنی وال مارٹ کی ملکیتی کمپنی فلِپ مارٹ کی سیل کا آغاز 29 ستمبر سے ہو گا۔ جب کہ ایمیزون کو ابھی یہ اعلان کرنا ہے کہ اس کی سیل کب سے شروع ہو گی۔

سیل کے دوران یہ کمپنیاں تمام اشیا کی قیمتوں میں بھاری کمی کرتی ہیں۔ ان میں فیشن ملبوسات سے لے کر سمارٹ فون اور گھریلو اشیا تک کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہیں۔ یہ غیر ملکی کمپنیاں آن لائن فروخت ہونے والی اشیا پر 10 سے 80 فیصد تک کمی کرتی ہیں۔

تنظیم نے مرکزی وزیر تجارت کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ یہ غیر ملکی کمپنیاں واضح طور پر ملک میں قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں، جس کا مقابلہ مقامی تاجر نہیں کر سکتے، اور یہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق پالیسی کی صریحًا خلاف ورزی ہے۔

کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز بھارت کے 500،000 تاجروں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی تمام سیلوں پر پابندی عائد کی جائے اور ایف ڈی آئی یعنی فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے قوانین اور ضوابط کے حوالے سے ہونے والی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی جائیں۔

رائٹرز کی خبر کے مطابق، تنظیم کے مطالبے پر اس سال عمل ہونا تو شاید ممکن نہ ہو، لیکن اس سے حکومت کو قیمتوں میں بھاری کمی پر اپنی پالیسی مرتب کرنے میں ضرور مدد ملے گی۔

بھارت میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو قیمتوں پر اثر انداز ہونے کی جازت نہیں ہے

رائٹرز کے مطابق، ایمیزان نے گزشتہ ماہ ایک اوپن پینل بحث میں کہا تھا کہ وہ بھارتی قوانین اور ضوابط کی پابندی کرتی ہے، اور اپنی ویب سائٹ پر قیمتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرتی۔

XS
SM
MD
LG