ہزاروں شرکا نے سخت سرد موسم کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جمعے کے روز منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسقاط حمل کے حقوق کے خلاف مظاہرے میں شرکت کرنے والوں سے عہد کیا ہے کہ وہ ایسی کسی قانون سازی کو ویٹو کردیں گے جو ’’انسانی زندگی کے تحفظ کو کمزور‘‘ کرنے کا باعث بنتی ہو۔
ٹرمپ نے یہ بات جمعے کے روز وڈیو خطاب میں کہی ہے، جو نیشنل مال پر اس سال نکالی جانے والی ’مارچ فور لائف‘ ریلی میں شرکت کر رہے ہیں۔
اس سلسلے کا پہلا تاریخ ساز مارچ جنوری 1974ء میں ایوانِ نمائندگان کی عمارت کی سیڑھیوں کے سامنے ہوا تھا، جب عدالت عظمیٰ نے ’روڈ ورسز ویڈ‘ مقدمے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہزاروں شرکا نے سخت سرد موسم کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جمعے کے روز منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔
ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اُنھوں نے اسقاط حمل کے عمل کو روکنے کے سلسلے میں گذشتہ دو برسوں کے دوران انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیل پیش کی۔
ٹرمپ نے اس جانب توجہ دلائی کہ اُن کی انتظامیہ نے یہ بات یقینی بنائی ہے کہ بیرون ملک سے اسقاط حمل کو فروغ دینے کی غرض سے اداروں کو ملنے والی امداد روک دی جائے۔
پینس نے کہا کہ ٹرمپ نے وفاقی بینچ پر کنزرویٹو ججوں کو تعینات کیا ہے۔