رسائی کے لنکس

عمران خان کا 'جیو نیوز' اور گھڑی کے مبینہ خریدار کے خلاف دبئی اور لندن میں قانونی کارروائی کا اعلان


پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والی گھڑی کے مبینہ خریدار اور نجی نشریاتی ادارے 'جیو نیوز' کے خلاف پاکستان، دبئی اور برطانیہ کی عدالتوں میں قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کو لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ایک دھوکے باز شخص کو 'جیو نیوز' نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر اُن کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا۔ لہذٰا وہ غیر ملکی عدالتوں میں اس شخص کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد تاجر عمر فاروق ظہور نے 'جیو نیوز' کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو سعودی عرب کے شاہی خاندان سے ملنے والے تحائف اصل قیمت سے کم پر خریدے۔

تحائف خریدنے کے حوالے سےعمر فاروق ظہور نے دعویٰ کیا تھا کہ ان تحائف میں موجود گھڑی دنیا کا واحد پیس ہے جو انہوں نے خریدا تھا۔ ان کے دعوے کے بقول اس سیٹ کی مارکیٹ کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ سے ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک کی تھی جو انہوں نے 20 لاکھ ڈالر میں خریدا۔

توشہ خانہ سے ملنے والی عمران خان کی گھڑی ان سے خریدنے کے دعوے دار عمر فاروق ظہور کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ شخص ناروے سے بھاگا ہوا ہے جب کہ پاکستان میں بھی یہ شخص مطلوب ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اُن کے پاس توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کی رسیدیں موجود ہیں، سارا ریکارڈ ہے۔ لیکن اُنہیں اپنی عدالتوں سے انصاف کی توقع نہیں۔ لہذٰا نیشنل ٹی وی پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے پر لندن کی عدالت میں کیس کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'جیو' کا پروگرام ایسے ترتیب دیا گیا جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ یہ سب سچ ہے۔ حالاں کہ اگلے ہی روز سوشل میڈیا پر اس شخص کی حقیقت سامنے آ گئی تھی۔

سابق وزیرِ اعظم نے ارشد شریف قتل کیس، اعظم سواتی ویڈیو معاملے اور خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ایک بار پھر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پانچ روز ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رُجوع کر رکھا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب سب نظریں آپ پر ہیں کیوں کہ سپریم کورٹ انصاف فراہم کرنے والی آخری عدالت ہے۔ اگر سابق وزیرِ اعظم کو بھی انصاف نہ ملاتو پھر عام آدمی کا کیا بنے گا۔

عمران خان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ عمران خان نے عدالت سے رُجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر عمران خان عدالت میں گئے تو فرح خان اور اُن کے شوہر کی اصل حقیقت بھی سب کے سامنے آ جائے گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے فائدے کے لیے توشہ خانہ کے رولز میں تبدیلیاں کیں، اب یہ چیزیں سامنے آنی چاہئیں کہ عمران خان نے یہ تحٖٖفے فروخت کر کے کتنے پیسے وصول کیے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے غیر ملکی سازش کا بیانیہ لے کر چلتے رہے، لیکن اب اس سے بھی پیچھے چھوڑ گئے۔

XS
SM
MD
LG