رسائی کے لنکس

کرپٹ قیادت کے ساتھ ملک ترقی نہیں کر سکتا: عمران خان


عمران خان کراچی میں میڈیا سے بات کررہے ہیں۔ 14 دسمبر 2017
عمران خان کراچی میں میڈیا سے بات کررہے ہیں۔ 14 دسمبر 2017

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور محمود اچکزئی فاٹا کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کی سازش کررہے ہیں۔ قبائلی علاقہ جات کو خیبر پختون خوا میں ضم کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

کراچی بار ایسوسی ایشن میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی تاریخ بتاتی ہے عدالتوں نے طاقت ور پر ہاتھ نہیں ڈالا. جہاں طاقت ور کے لئے ایک اور کمزور کے لئے دوسرا قانون ہو، وہ معاشرے کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔

عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس سے متعلق جدوجہد کی نتیجے میں پاکستان بدل چکا ہے۔ ملک جمہوریت کی جانب گامزن ہے۔ قانون کی حکمرانی ہی سے ملک میں حقیقی جمہوریت آتی ہے۔ عمران خان کے مطابق پہلے قانون کی بالادستی ہوتی ہے پھر ترقی اور خوشحالی آتی ہے۔ کوئی بھی ملک قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں طاقت ور مافیا کو کٹہرے میں نہیں لایا گیا تھا۔ نواز شریف کو عدالتوں اور جے آئی ٹی میں گھسیٹا گیا تو کرپٹ مافیا کو بھی پیغام گیا کہ اب ان کی بھی باری ابھی آ سکتی ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کے اثاثے آمدن سے زائد ہیں۔ نواز شریف جب یہ کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے تو درحقیقت انہیں اپنی کرپشن خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔ وہ یہ نہیں کہہ رہے ہیں ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی بلکہ کہہ رہے ہیں کہ وہ طاقت ور ہیں اور عدالتیں انہیں بلانے کی جرات کیسے کررہی ہیں۔ عمران خان کا کہناتھا کہ انہیں اس بات پر مایوسی ہوئی کہ عدلیہ کے خلاف شریف خاندان کی مہم پر وکلاء نے یک زبان ہو کر عدلیہ پر حملوں کا جواب نہیں دیا۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں راہنما قبائلی علاقہ جات کے عوام کو ان کے حقوق دلانے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ جو یہ چاہتے ہیں کہ فاٹا کو الگ صوبہ بنایا جائے، انہیں اس معاملے کی کوئی سمجھ نہیں۔ فاٹا کے عوام کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں نمائندگی ملنی چاہیے۔

فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس ملک کی قیادت کرپٹ ہو اس ملک کا کوئی روشن مستقبل نہیں۔ ہم توقع بھی نہیں رکھ سکتے جب اشرافیہ ٹیکس نہ دے اور ادارے چلیں، لوگ ٹیکس دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف انہوں نے21 سال سے جدوجہد کی ہے۔ وزیراعظم جب بھی کرپشن کرتا ہے تو ملک کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔ اس سے ملک میں لوٹ سیل شروع ہو جاتی ہے۔

عمران خان نے کراچی کے دو روزہ دورے کے دوران مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب بھی کیا۔ عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران چیئرمین پاک سرزمین پارٹی اور سابق ناظم کراچی سید مصطفی کمال سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے راہنماؤں نے ملک کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان پاک سرزمین پارٹی کے مطابق دونوں راہنماؤں نے جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG